• KHI: Clear 19.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.6°C
  • ISB: Cloudy 13°C
  • KHI: Clear 19.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 14.6°C
  • ISB: Cloudy 13°C

ایف بی آر کا ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے سگریٹ تیاری کی ڈیجیٹل نگرانی کا فیصلہ

شائع November 13, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمباکو سے سگریٹ کی تیاری کے عمل کی فیکٹری سطح پر ڈیجیٹل نگرانی کا فیصلہ کیا ہے تاکہ اس شعبے میں وسیع پیمانے پر ٹیکس چوری کی روک تھام کی جا سکے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ٹیکس چوری کی روک تھام کے لیے ایف بی آر نے سگریٹ فیکٹریوں اور گرین لیف تھریشنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے احکامات جاری کیے ہیں تاکہ پیداوار کو مکمل طور پر مانیٹر کیا جا سکے۔

اس سلسلے میں تمباکو بنانے والی تمام کمپنیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی فیکٹریوں کے مخصوص مقامات پر آئی پی (آئی پی) بیسڈ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کریں تاکہ سگریٹ کی پیداوار کا حقیقی وقت میں مشاہدہ کیا جا سکے، یہ ہدایت بدھ کو جاری ہونے والے سیلز ٹیکس جنرل آرڈر نمبر 7، 2025 کے ذریعے دی گئی۔

حالیہ اقدامات کے تحت ایف بی آر نے تمام 9 گرین لیف تھریشنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے ہیں، ان میں سے 2 اسٹیشنز ملٹی نیشنل کمپنیوں کے زیرِ انتظام ہیں جبکہ باقی 7 مقامی طور پر چلائے جاتے ہیں۔

تھریشر یونٹس پر مانیٹرنگ سے تمباکو کی پروسیسنگ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے بڑی مشینوں کا استعمال ممکن ہوتا ہے اور کیمروں کی تنصیب سے اس عمل کی آسان نگرانی ممکن ہو جاتی ہے۔

ایف بی آر کا ماننا ہے کہ یہ نفاذی اقدام سگریٹ کی اصل پیداوار کا تعین کرنے میں مدد کرے گا اور تمباکو صنعت سے محصول میں اضافہ کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

ہدایت کے مطابق تمباکو بنانے والی تمام چھوٹی یا بڑی کمپنیوں کو فیکٹری سے تیار شدہ مصنوعات نکالنے سے منع کیا گیا ہے جب تک کہ پیداواری عمل آئی پی- سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ریکارڈ اور مانیٹر نہ کیا گیا ہو۔

حکومت سگریٹ پر 1990 کے سیلز ٹیکس ایکٹ کے مطابق 18 فیصد کی معمول کی شرح سے سیلز ٹیکس جمع کر رہی ہے، ملکی سطح پر سگریٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والا یہ ٹیکس ٹاپ 20 ریونیو جنریٹرز میں شامل ہے، اسی شرح سے 2005 کے فیڈرل ایکسائز ایکٹ کے تحت فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی بھی جمع کی جا رہی ہے اور گزشتہ چند سالوں میں اس میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔

فیلڈ یونٹس کو فوری طور پر فیکٹریوں پر کیمروں کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے، ایف بی آر کا کہنا ہے کہ تمباکو کے شعبے سے حاصل ہونے والا ٹیکس اس کی اصل صلاحیت سے کم ہے، نجی شعبے کے تجزیے کی بنیاد پر ایف بی آر کا تخمینہ ہے کہ تمباکو صنعت سے اصل ٹیکس وصولی تقریباً 600 ارب روپے ہونی چاہیے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025