• KHI: Clear 17.4°C
  • LHR: Clear 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.6°C
  • KHI: Clear 17.4°C
  • LHR: Clear 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.6°C

کراچی: جناح ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول انتقال کرگئے

شائع November 14, 2025
ڈاکٹر شاہد رسول — فائل فوٹو: محکمہ اطلاعات سندھ
ڈاکٹر شاہد رسول — فائل فوٹو: محکمہ اطلاعات سندھ

جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول کراچی میں 59 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے ساتھیوں اور اسپتال کے ذرائع نے ڈان کو تصدیق کی ہے کہ ڈاکٹر رسول کا انتقال دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا۔

ڈاکٹر رسول ایک معروف معالج تھے اور انہیں رائل کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز (گلاسگو) کے لیے پاکستان کا بین الاقوامی مشیر بھی مقرر کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ڈاکٹر شاہد رسول کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی خدمات کے باعث ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ کے ترجمان عبدالرشید چنا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جے پی ایم سی کے سربراہ پروفیسر شاہد رسول کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

بیان کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد رسول ملک کے بہترین سرجنز میں شمار ہوتے تھے اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، وزیراعلیٰ نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے تعزیت کی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بھی ڈاکٹر رسول کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے بڑا نقصان قرار دیا۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد رسول ایک باصلاحیت، فرض شناس اور انسان دوست معالج تھے، ان کی صحت کے شعبے اور محکمہ صحت کے لیے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

سینئر وزیر نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد رسول نے اپنی پوری زندگی طب، تحقیق اور مریضوں کی خدمت کے لیے وقف کی، ان کا انتقال نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شعبہ صحت اور معاشرے کے لیے بڑا نقصان ہے، انہوں نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی کیا۔

سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بھی ڈاکٹر شاہد رسول کے انتقال پر افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انہیں پروفیسر ڈاکٹر شاہد رسول کے اچانک انتقال کا سن کر گہرا صدمہ پہنچا، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مرحوم کی عوامی صحت، طبی تعلیم اور مریضوں کی نگہداشت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر شاہد رسول نے جے پی ایم سی کی سربراہی انتہائی لگن، ہمدردی اور خدمت کے جذبے کے ساتھ کی اور پورے پاکستان سے آنے والے ان مریضوں کی خدمت کی جو سرکاری اسپتالوں پر انحصار کرتے ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ ڈاکٹر اشہد رسول کی وفات کا دکھ نہ صرف طبی برادری بلکہ ان سب کو ہے جن کی زندگیاں اس ادارے کے ذریعے متاثر ہوئیں جسے انہوں نے مضبوط کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ان کی خدمات، قیادت اور صحت عامہ کو بہتر بنانے کے ان کے یقین کو سلام پیش کرتے ہیں اور سوگوار خاندان، ساتھیوں اور جے پی ایم سی سے دلی تعزیت کرتے ہیں، انہوں نے دعا کی کہ اللہ ان کے اہل خانہ کو صبر دے اور ڈاکٹر رسول کی خدمات دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بنی رہیں۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025