• KHI: Clear 17.4°C
  • LHR: Clear 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.6°C
  • KHI: Clear 17.4°C
  • LHR: Clear 12.1°C
  • ISB: Partly Cloudy 13.6°C

نائمہ خان نے اپنی بیٹی کی موت کا دردناک واقعہ بیان کردیا

شائع November 14, 2025
—فوٹو: ریویو پی کے
—فوٹو: ریویو پی کے

سینئر اداکارہ نائمہ خان نے اپنی بیٹی کی موت کا دردناک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی سرجری کے دوران انتقال کر گئی تھی۔

نائمہ خان نے حال ہی میں پروگرام ’زبردست وِد وصی شاہ‘ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔

انہوں نے اپنی زندگی کے انتہائی دردناک تجربے کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی کی عمر ساڑھے پانچ سال تھی اور وہ پہلی جماعت کی طالبہ تھی، جب اس میں آنتوں میں اُبھار (Intestinal Polyp) کی تشخیص ہوئی۔

اداکارہ کے مطابق ڈاکٹروں نے فوری سرجری کا مشورہ دیا اور انہوں نے بیٹی کے درد میں کمی لانے کے لیے سرجری کروانے کا فیصلہ کیا، لیکن تقدیر کو کچھ اور منظور تھا اور سرجری کے دوران ہی ان کی بیٹی کا انتقال ہوگیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاشرے نے بیٹی کی موت کا ذمہ دار بھی انہیں ہی ٹھہرایا اور وہ خود بھی سوچتی ہیں کہ اگر بیٹی کا آپریشن نہ ہوتا تو شاید وہ آج زندہ ہوتی۔

نائمہ خان نے بتایا کہ بعد ازاں ان کی دوسری بیٹی پیدا ہوئی تو انہیں محسوس ہوا، جیسے ان کی کھوئی ہوئی بچی ان کے پاس واپس آگئی ہو۔

ان کے مطابق دوسری بیٹی کی پیدائش کے وقت جب وہ بے ہوش تھیں، تو انہوں نے خواب میں اپنی پہلی بیٹی کو دیکھا، جو ان سے کہہ رہی تھی کہ وہ واپس آگئی ہے۔

بعد ازاں انہیں دوبارہ خواب آیا کہ وہ بیٹی کی قبر کے پاس بیٹھی ہیں اور گود میں دوسری بیٹی تھی، جب کہ پہلی بیٹی قریب کھڑی کہہ رہی تھی کہ وہ واپس آگئی ہے، جس کے بعد انہیں صبر آیا۔

نائمہ خان نے بتایا کہ انہیں ایسے دو خواب آئے اور انہیں محسوس ہونے لگا کہ ان کی بچی ان کے پاس لوٹ آئی ہے۔

واضح رہے کہ آنتوں کے اندر کبھی کبھی چھوٹا سا نرم گلٹی جیسا ابھار بن جاتا ہے، یہ کینسر نہیں ہوتا لیکن اگر بڑھ جائے یا خراب ہو جائے تو مسئلہ پیدا کر سکتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 15 دسمبر 2025
کارٹون : 14 دسمبر 2025