’کیا ڈراما ہے‘ جیسے شوز کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتا، سید جبران
اداکار سید جبران نے پروگرام ’کیا ڈراما ہے‘ پر رائے دیتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے شوز کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے جہاں اداکار بیٹھ کر اپنے ساتھیوں کی تنقید کریں۔
سید جبران نے حال ہی میں احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے 24 نیوز پر نشر ہونے والے پروگرام ’کیا ڈراما ہے‘ کے بارے میں بات کی۔
پروگرام ’کیا ڈراما ہے‘ 24 نیوز میں پیش کیا جاتا ہے، جہاں انڈسٹری کی کئی سینئر اداکارائیں حالیہ ڈراموں پر تبصرہ کرتی ہیں، تاہم بعض اوقات بے جا تنقید کی وجہ سے وہ ساتھی اداکاروں یا سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا بھی کرتی ہیں۔
سید جبران نے کہا کہ اگرچہ اس شو میں ان کے ڈرامے ’جن کی شادی ان کی شادی‘ کی تعریف کی جارہی ہے، لیکن وہ ایسے شوز کے حق میں نہیں جہاں اداکار بیٹھ کر دوسرے اداکاروں پر تنقید کریں۔
ان کے مطابق انہوں نے ہولی وڈ یا بولی وڈ میں بھی کبھی ایسا نہیں دیکھا کہ اداکار اپنے ساتھیوں کی تنقید کریں، وہ سمجھتے ہیں کہ یہ شو اس لیے شروع کیا گیا کیونکہ اس طرز کا کچھ اور نہیں تھا اور یہی بنیادی مسئلہ ہے جو لوگوں کو اس شو سے ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ فیصلہ عوام کو کرنا چاہیے اور عوام کی تعریف یا تنقید ہی ان کے لیے معنیٰ رکھتی ہے، جیسے اگر ناظرین ان کے کام کی تعریف کریں گے تو یہ اہم ہے اور اگر تعریف نہ کریں تو انہیں اپنی اداکاری پر مزید کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کے شوز میں تعصب ہو سکتا ہے، یعنی شو کے میزبان کو جو اداکار پسند ہوگا وہ اس کی تعریف کریں گے اور جو ناپسند ہوگا وہ اس پر تنقید کریں گے، اسی لیے وہ اس قسم کے شوز کو زیادہ سنجیدگی سے نہیں لیتے، بالکل اسی طرح جیسے وہ ایوارڈ شوز کو بھی سنجیدگی سے نہیں لیتے۔












لائیو ٹی وی