ڈراما ’سانول یار پیا‘ کی انگریزی گرامر کی غلطی پر صارفین کا دلچسپ ردعمل
ڈراما سیریل ’سانول یار پیا‘ کی حالیہ قسط میں عالیار کے ایک جملے میں انگریزی کے غلط استعمال پر سوشل میڈیا صارفین دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
’سانول یار پیا‘ اس وقت جیو انٹرٹینمنٹ پر نشر ہو رہا ہے اور ناظرین میں کافی مقبولیت حاصل کر چکا ہے، اس کی کاسٹ میں متعدد معروف اداکار شامل ہیں، جن میں درفشاں سلیم، احمد علی اکبر، فیروز خان، محمود اسلم، یاسر نواز اور دیگر شامل ہیں۔
یہ ڈراما ہاشم ندیم کے تحریر کردہ اسکرپٹ پر مبنی ہے، جس کی ہدایت کاری دانش نواز نے کی ہے اور 7th اسکائی انٹرٹینمنٹ نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
ڈرامے کی کہانی تین مرکزی کرداروں سانول، یار اور پیا کے گرد گھومتی ہے، سانول اپنے محلے کی لڑکی پیا سے محبت کرتا ہے، جب کہ پیا اپنے ہم جماعت عالیار سے محبت کرتی ہے۔
اب تک ڈرامے کی 20 اقساط نشر ہو چکی ہیں، حالیہ قسط میں عالیار کے والدین رشتے کے سلسلے میں پیا کے گھر جاتے ہیں، لیکن پرانی دشمنی کی وجہ سے دونوں والدین میں جھگڑا ہوجاتا ہے اور عالیار کے والدین رشتے کی بات کیے بغیر واپس گھر آجاتے ہیں۔
گھر واپسی پر عالیار اپنے والد پر غصہ کرتا ہے اور انہیں باور کراتا ہے کہ وہ اپنے مسائل حل کریں کیونکہ پیا اس کے لیے بہت اہم ہے، اس دوران عالیار نے انگریزی میں کہا کہ وہ اس کے بغیر نہیں رہ سکتا، لیکن یہاں اس نے (her) مؤنث کے بجائے مذکر (him) کا استعمال کیا، جس نے سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کر لی۔
صارفین نے اس گرامر کی غلطی پر شدید حیرت کا اظہار کیا اور اس پر مزاحیہ تبصرے بھی کیے۔


کچھ صارفین نے سوال کیا کہ اگر اداکار سے غلطی ہوگئی تھی تو ہدایت کار نے اسے چیک کیے بغیر آن ایئر کیسے جانے دیا اور ایڈیٹنگ کے دوران اسے درست کیوں نہیں کیا گیا۔


صارفین نے یہ بھی کہا کہ اتنی بڑی پروڈکشن اور معروف ہدایت کار و اداکار ہونے کے باوجود اس طرح کی گرامر کی غلطی واقعی قابلِ حیرت ہے۔












لائیو ٹی وی