ویویک اوبرائے نے ’تیرے لیے‘ پر عاطف اسلم کو کریڈٹ کیوں نہیں دیا؟ انسٹا پوسٹ پر مداح حیران
بھارتی اداکار ویویک اوبرائے نے فلم ’پرنس‘ کے مشہور گانے ’تیرے لیے‘ پر گنگنانے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کی، لیکن اس گانے کے اصل گلوکار عاطف اسلم کو کریڈٹ نہ دینے پر سوشل میڈیا صارفین حیران رہ گئے۔
حال ہی میں ویویک اوبرائے نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ اپنی 2010 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پرنس‘ کے گانے ’تیرے لیے‘ کو سنتے اور گاتے ہوئے نظر آئے۔
انہوں نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ یہ گانا ایک جادو ہے، جو کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ انہیں جھومنے پر مجبور کردیتا ہے۔
اداکار نے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب بھی اس گانے پر ریلز بنائیں اور انہیں ٹیگ کریں اور وہ ان کی بنائی گئی ریلز دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں۔
تاہم، صارفین کی توجہ اس پوسٹ کے کیپشن میں ٹیگز کی جانب گئیں، کیونکہ ویویک اوبرائے نے اس گانے سے منسلک تمام افراد کو ٹیگ کیا سوائے عاطف اسلم کے، جن کی آواز پر وہ جھوم رہے تھے۔

انہوں نے گلوکاروں میں صرف شریا گھوشال کو ہی ٹیگ کیا، جس پر صارفین کی بڑی تعداد حیران نظر آئی۔

اکثریت نے لکھا کہ اداکار ویڈیو میں عاطف اسلم کی آواز پر گنگنارہے ہیں اور انہیں ہی کریڈٹ دینا بھول گئے۔

ایک صارف نے تجویز دی کہ ممکن ہے ویویک اوبرائے عاطف اسلم کو ٹیگ کرنا چاہتے ہوں، مگر چونکہ پاکستانی فنکاروں کے اکاؤنٹس بھارت میں بلاک ہیں، اس لیے ان کا اکاؤنٹ وہاں نظر نہیں آرہا ہوگا۔

یاد رہے کہ مئی میں بھارت اور پاکستان کے درمیان چار روزہ شدید فوجی جھڑپ کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہیں اور بھارت کی جانب سے پاکستانی فنکاروں اور چینلز کا مکمل بائیکاٹ جاری ہے۔
تاہم، اگر ویویک اوبرائے پوسٹ میں عاطف اسلم کو ٹیگ نہیں کرسکے تو کم از کم ان کا نام لکھ سکتے تھے، جس سے یہ اقدام کسی تکنیکی غلطی کے بجائے جان بوجھ کر کیا گیا لگتا ہے۔
واضح رہے کہ ویویک اوبرائے کی یہ پوسٹ رواں سال ان کی سب سے زیادہ توجہ حاصل کرنے والی پوسٹ بن چکی ہے، جسے اب تک 1 کروڑ 90 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔












لائیو ٹی وی