کوئٹہ میں رجسٹرڈ گاڑی کا ای چالان کراچی کے نجی ہوٹل کے مالک کو بھیج دیا گیا
کوئٹہ میں رجسٹرڈ گاڑی کا ای چالان کراچی کے نجی ہوٹل کے مالک کو بھیج دیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اس نمبر پلیٹ کی حامل نجی ہوٹل کی گاڑی 28 سال قبل چوری ہوئی تھی، دوران تحقیقات انکشاف ہوا کہ چوری شدہ گاڑی مہران کار تھی اور ای چالان سوزوکی آلٹو کار کا ہوا ہے۔
یہ انکشاف گزشتہ روز ’AA-540‘ نمبر کی رجسٹریشن کی حامل گاڑی کے مالک کو ملنے والے دس ہزار روپے کے بھاری جرمانے کی انکوائری میں سامنے آیا ہے، ٹریفک پولیس نے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
ای چالان کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جس وقت چالان ہوا اس وقت سسٹم اینٹی کار وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) سے منسلک نہیں تھا، سسٹم سیف سٹی اور اے وی ایل سی سے منسلک نہ ہونے کی وجہ سے مسروقہ گاڑی پکڑی نہیں جاسکی۔
ای چالان انتظامیہ کے مطابق آئندہ ایسا نہیں ہوگا، اب تمام ادارے آپس میں کیمروں سے منسلک ہیں۔
ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ چوری شدہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹ استعمال کرنے کے واقعات فی الحال سامنے آتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ ماہ کراچی کے ریڈ زون سمیت بعض اہم شاہراہوں پر ای چالان کا نظام متعارف کروایا گیا تھا، جسے مرکزی مسلم لیگ، جماعت اسلامی نے سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔
عدالت عالیہ نے درخواست گزار کی استدعا پر متعلقہ فریقین کو نوٹس بھی جاری کر رکھے ہیں اور آئندہ ہفتے کیس سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جرمانوں کی رقم بہت زیادہ ہے، جب کہ شہر میں سڑکیں خستہ حال ہیں، گڑھوں سے بھرپور سڑکوں پر سفر کرنے والے شہری، بالخصوص موٹرسائیکل سواروں کو مختلف طبی مسائل کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں۔












لائیو ٹی وی