پاکستان نیوی کی بحیرہ عرب میں کامیاب کارروائی، اربوں روپے مالیت کی منشیات برآمد
پاکستان نیوی کے مطابق بحیرہ عرب میں کامیاب کارروائی کے دوران تقریبا 13 کروڑ ڈالر مالیت کی 2 ہزار کلوگرام سے زائد میتھ ایمفیٹامین (آئس) برآمد کر لی گئی۔
پاکستان نیوی کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (ڈی جی پی آر) کے بیان میں کہا گیا کہ کمبائنڈ میری ٹائم فورس (سی ایم ایف) کا حصہ پی این تبوک سعودی قیادت میں قائم کمبائنڈ ٹاسک فورس 150 کی معاونت میں علاقائی سمندری سیکیورٹی گشت کر رہا تھا، اس دوران پی این تبوک نے بحیرہ عرب میں موجود ایک مشکوک کشتی کو روکا۔
بیان میں کہا گیا کہ بعد ازاں مشکوک کشتی پر بڑی انسدادِ منشیات کارروائی کامیابی سے انجام دی گئی، جس کے نتیجے میں 2 ہزار کلوگرام سے زائد آئس ضبط کی گئی، گزشتہ دو ماہ میں پی این کے جہازوں کی جانب سے تیسری لگاتار کامیاب کارروائی ہے۔
نیوی کے مطابق یہ کامیاب آپریشنز سمندر میں غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف پختہ عزم اور غیر متزلزل وابستگی کا ثبوت ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ آپریشن کا پیمانہ اور اس کی شاندار تکمیل نہ صرف پاکستان نیوی کی پیشہ ورانہ مہارت کو ظاہر کرتی ہے بلکہ سی ایم ایف کے تحت بین الاقوامی تعاون کی افادیت کو بھی اجاگر کرتی ہے۔
بیان کے اختتام پر کہا گیا کہ پاکستان نیوی قومی بحری مفادات کے تحفظ اور اقوام متحدہ کے کنونشن برائے سمندری قوانین کے اصولوں کی پاسداری کے ساتھ ساتھ عالمی سمندری سلامتی میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے بھی پُرعزم ہے۔
گزشتہ ماہ پی این یارموک نے بحیرہ عرب میں کشتیوں سے 97 کروڑ 20 لاکھ ڈالر سے زائد مالیت کی منشیات پکڑی تھیں۔
اگست میں نیوی اور اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے بلوچستان میں پسنی کے ساحل کے قریب اسمگلروں سے تقریبا 3 کروڑ 80 لاکھ ڈالر مالیت کی ایک ہزار 250 گرام منشیات برآمد کی تھیں۔












لائیو ٹی وی