ریاض: ارشد ندیم نے اسلامک یکجہتی گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری اسلامک یکجہتی گیمز میں پاکستانی جیولن تھرو اسٹار ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔
ڈان نیوز کے مطابق اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے ایک اور گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا ہے، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز میں اولمپیئن ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی تھرو کر کے سونے کا تمغہ حاصل کیا، جبکہ پاکستان کے ہی یاسر سلطان کانسی کا تمغہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
ارشد ندیم نے پہلی تھرو میں 75.44 میٹر کا ہندسہ عبور کیا، دوسری باری میں ارشد ندیم نے 83.05 میٹر کی سب سے بڑی تھرو کر کے مقابلہ اپنے نام کیا۔
تیسری باری میں اولمپیئن نے 82.48 کی تھرو کی، چوتھی باری میں ارشد ندیم لمبی تھرو کرنے میں ناکام رہے جبکہ پانچویں باری میں فاؤل کی وجہ سے تھرو کو کاؤنٹ نہیں کیا گیا۔
واضح رہے کہ ارشد ندیم اس سے قبل اولمپکس، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز اور ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں بھی میڈلز اپنے نام کرچکے ہیں۔












لائیو ٹی وی