• KHI: Partly Cloudy 27°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.8°C
  • KHI: Partly Cloudy 27°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.8°C

مہنگی کاپیاں، یونیفارم، 17 بڑے نجی اسکول سسٹمز کو شوکاز نوٹس جاری

شائع November 21, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

مسابقتی کمیشن آف پاکستان نے ملک کے 17 بڑے نجی اسکول سسٹمز کو مبینہ طور پر اجارہ داری کے غلط استعمال اور مشروط فروخت کی شکایات پر شوکاز نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کمیشن نے تمام نجی اسکول سسٹمز کو 14 روز میں تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

کمیشن کے اعلامیے کے مطابق نجی اسکولوں پر الزام ہے کہ وہ طلبہ کو مخصوص وینڈرز سے مہنگی کاپیاں، نوٹ بکس اور لوگو والی یونیفارمز خریدنے پر مجبور کرتے ہیں، جس کے باعث والدین سستے متبادل بازار سے خریداری نہیں کر سکتے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شکایات کی بنیاد پر کمیشن نے سو موٹو ایکشن لیا، داخلے کے بعد طلبہ یرغمال بن جاتے ہیں اور اسکول تبدیل کرنا مشکل ہونے کے باعث والدین اسکولوں کے تجارتی فیصلے ماننے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

مسابقتی کمیشن کے مطابق ملک کے 50 فیصد طلبہ نجی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں، جب کہ نجی اسکول سسٹمز ملک بھر میں ہزاروں کیمپس چلاتے ہیں، جس سے لاکھوں طلبہ اور والدین متاثر ہوتے ہیں۔

اس پالیسی کے باعث اسٹیشنری اور یونیفارم فروخت کرنے والے ہزاروں چھوٹے کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔

کمیشن کے مطابق متعدد اسکول سسٹمز نے مخصوص وینڈرز کے ساتھ خفیہ معاہدے کیے ہوئے ہیں، لوگو والی کاپیاں مارکیٹ کے مقابلے میں 280 فیصد تک مہنگی پائی گئیں جب کہ گائیڈ لائنز کے نام پر مہنگی پراڈکٹس کی لازمی خریداری والدین پر مسلط کی جاتی رہی ہے، جو مسابقتی ایکٹ کی صریح خلاف ورزی ہے۔

شوکاز نوٹس ملنے والے اسکولوں میں بیکن ہاؤس، ویسٹ منسٹر، دی سٹی اسکول، ہیڈ اسٹارٹ، ایل جی ایس، فروبلز، روٹس انٹرنیشنل، روٹس ملینیئم، کَپس، الائیڈ اسکولز، سپرنوا، دارالارقم، اسٹپ، یونائیٹڈ چارٹر اور اسمارٹ اسکول سمیت بڑے تعلیمی نیٹ ورکس شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق الزام ثابت ہونے کی صورت میں سی سی پی ساڑھے 7 کروڑ روپے تک جرمانہ عائد کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔

کارٹون

کارٹون : 14 دسمبر 2025
کارٹون : 13 دسمبر 2025