’میک امریکا گریٹ اگین‘ کی اہم شخصیت مارجوری ٹیلر گرین کانگریس کی رکنیت سے مستعفی
دائیں بازو کی متاثر کن امریکی قانون ساز مارجوری ٹیلر گرین نے اعلان کیا ہے کہ وہ کانگریس سے مستعفی ہو رہی ہیں، گزشتہ ہفتے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جارجیا کی رکنِ اسمبلی کے لیے اپنی حمایت واپس لے لی تھی، کانگریس میں ان کا آخری دن 5 جنوری 2026 ہوگا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق آن لائن پوسٹ کی گئی ایک ویڈیو میں 2020 میں منتخب ہونے والی 51 سالہ کانگریس وومن نے کہا کہ وہ ہمیشہ واشنگٹن ڈی سی میں ناپسند کی جاتی رہی ہیں اور کبھی بھی وہاں فٹ نہیں ہوئیں۔
گرین نے مزید کہا کہ وہ نہیں چاہتیں کہ ان کے حمایتی اور خاندان ’صدر کی جانب سے مجھ پر ایک تکلیف دہ اور نفرت انگیز پرائمری کا سامنا کریں، جس کے لیے ہم سب نے لڑائی کی، اور پھر میری جیت کے باوجود ریپبلکنز غالباً مڈ ٹرم انتخابات ہار جائیں‘۔
ان کا استعفیٰ ’میک امریکا گریٹ اگین‘ (ایم اے جی اے) تحریک میں بڑھتی ہوئی خلیج کی سب سے واضح نشانی ہے، جو اس مہینے کے آف ایئر انتخابات میں ڈیموکریٹس کی مضبوط جیت سے ہل گئی ہے، جس میں نیویارک کے لیفٹسٹ میئر منتخب زہران ممدانی بھی شامل ہیں، جنہوں نے جمعہ کو ٹرمپ سے ملاقات کی تھی۔
گرین کا ٹرمپ سے الگ ہونا بظاہر ایپسٹین ای میلز جاری کرنے کے حوالے سے سابق صدر کے فیصلے کی تبدیلی سے جڑا ہوا تھا، جو مجرم جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے متعلق تھیں۔
ایپسٹین ایک امیر فنانسر تھا، جس نے سیاسی، کاروباری، تعلیمی اور مشہور شخصیات سے روابط قائم کیے تھے، اور اس پر لڑکیوں اور نوجوان خواتین کے جنسی استحصال کا الزام تھا۔
گرین نے اپنے استعفے کے خطاب میں اس معاملے کا حوالہ دیا اور کہا کہ امریکی خواتین کے لیے کھڑا ہونا جو 14 سال کی عمر میں جنسی زیادتی کا شکار ہوئیں، ٹریفک کی گئیں اور امیر طاقتور مردوں نے ان کا استحصال کیا، مجھے خیانت کار کہلوانے اور ہمارے صدر جن کے لیے میں نے لڑائی کی، ان کی جانب سے دھمکی دینا، یہ مناسب نہیں ہے۔
ٹرمپ نے اے بی سی نیوز کے ساتھ فون انٹرویو میں گرین کے استعفے کو ’ملک کے لیے بڑی خوشخبری‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گرین نے انہیں اطلاع نہیں دی لیکن اس کا کوئی مسئلہ نہیں ، میں سمجھتا ہوں کہ اسے خوش ہونا چاہیے۔
اس ہفتے کے شروع میں کانگریس نے ایک قانون پاس کیا اور ٹرمپ نے دستخط کیے تھے، جس کے تحت ایپسٹین سے متعلق سرکاری ریکارڈز کو عوام کے لیے شائع کرنا ضروری ہے، اس سے پہلے صدر ٹرمپ کئی مہینوں تک ان کے جاری ہونے کو روکنے کی کوشش کرتے رہے تھے۔
اپنی پوزیشن تبدیل کرنے سے پہلے، ٹرمپ نے گرین کے لیے اپنی تمام حمایت واپس لے لی تھی، انہیں ’ویکی مارجوری‘ کہا اور ٹروتھ سوشل پر انہیں ریپبلکن پارٹی کا ’ہلکا پھلکا‘ رہنما اور ’خیانت کار‘ قرار دیا، اس کے بعد گرین نے دھمکیوں کی ایک لہر موصول ہونے کی اطلاع دی۔
گرین، جو ایک نمایاں ’ایم اے جی اے‘ اتحادی تھیں، انہوں نے ٹرمپ کے ایجنڈے کی حمایت کی، امیگرینٹ ڈیپورٹیشن، اسلحہ کے حقوق، اور ویکسین پر شک کی حمایت کی۔
یہ پھوٹ ٹرمپ پر امریکی زندگی کی قیمتوں اور ایپسٹین اسکینڈل پر تنقید کے درمیان سامنے آئی، گرین کی روانگی نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا کہ وہ 2028 میں صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکتی ہیں، جسے انہوں نے ’بے بنیاد افواہ‘ قرار دیا۔
اپنے استعفے کے خطاب میں گرین نے ٹرمپ اور ریپبلکن پارٹی کے لیے اپنی وفاداری کو اجاگر کیا، انہوں نے کہا کہ میں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ریپبلکنز کو منتخب کرنے کے لیے تقریباً کسی بھی دیگر منتخب ریپبلکن سے زیادہ محنت کی، اور اپنا ’ملینز’ میں پیسہ خرچ کیا۔
گرین نے اپنی پارٹی کے ساتھ ’اسٹیبلشمنٹ ریپبلکنز جو خفیہ طور پر ان سے نفرت کرتے ہیں اور جنہوں نے ان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا‘ کے مقابلے میں خود کو ممتاز قرار دیا، انہوں نے زور دیا کہ میرا ووٹنگ ریکارڈ پارٹی اور صدر کے ساتھ مکمل طور پر ہے، وفاداری دو طرفہ ہونا چاہیے۔













لائیو ٹی وی