• KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

کراچی: صحافی کو مبینہ دھمکیاں، پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں

شائع November 22, 2025
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کراچی پولیس نے سینئر صحافی کے گھر پر مبینہ طور پر 2 افراد کی جانب سے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن (سی آر اے) نے اپنے جاری بیان میں سینئر صحافی فراز خان کے فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا میں واقع گھر پر دو مشکوک افراد کی جانب سے دی جانے والی دھمکیوں کی مذمت کی ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ واقعے کی ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے سی آر اے نے کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دونوں افراد واضح طور پر نظر آ رہے ہیں، جو گھر کا دروازہ کھٹکھٹاتے ہیں اور اہلِ خانہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہیں، جس سے خاندان میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ اس واقعے نے متاثرہ خاندان اور صحافتی برادری میں شدید تشویش پیدا کی ہے، جبکہ واقعے کی فوری اطلاع پولیس اور اعلیٰ حکام کو دے دی گئی ہے۔

فیڈرل بی انڈسٹریل ایریا کے اسٹیشن ہاؤس افسر (ایس ایچ او) فوری طور پر صحافی کے گھر پہنچے، جہاں پولیس حکام نے شواہد اپنی تحویل میں لیے اور متاثرہ خاندان کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔

سی آر اے کے مطابق ایسوسی ایشن مطالبہ کرتی ہے کہ قانون کے مطابق ایسے عناصر کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے تاکہ صحافیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو دی جانے والی دھمکیوں کا سدباب ہو سکے۔

سینٹرل سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ذیشان شفیق صدیقی نے بھی ڈان کو بتایا کہ پولیس افسران نے متعلقہ رہائش گاہ کا دورہ کیا اور تحقیقات کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفتیشی حکام مبینہ دھمکیوں کے حوالے سے قانونی کارروائی شروع کرنے کے لیے صحافی کی جانب سے مقدمہ درج کرانے کے منتظر ہیں۔

گزشتہ ماہ راولپنڈی پولیس نے ڈان نیوز کے صحافی کی ٹارگٹ کلنگ کے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔

پاکستان پریس فاؤنڈیشن کے ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق سال 2025 میں پاکستان میں صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے لیے اظہارِ رائے کی آزادی کا ماحول مزید تنگ ہوتا جا رہا ہے۔

رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے پاکستان کو صحافیوں کے لیے دنیا کے خطرناک ترین ممالک میں شمار کیا ہے، جہاں صحافیوں کے قاتلوں کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی شرح بہت زیادہ ہے۔

دولتِ مشترکہ ہیومن رائٹس انیشی ایٹو کی ایک رپورٹ کے مطابق سال 2006 سے 2023 کے درمیان پاکستان میں 87 صحافی قتل ہوئے، جن میں سے صرف دو کیسز حل ہو سکے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025