خیبرپختونخوا: پولیس نے بنوں میں 2 تھانوں پر دہشت گرد حملوں کو ناکام بنا دیا
خیبرپختونخوا پولیس نے ہفتہ کی رات دیر گئے ضلع بنوں میں 2 تھانوں پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کو ناکام بنا دیا۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ایک پولیس افسر نے بتایا کہ شدت پسندوں نے گھڑی والا اور وزیر سب ڈویژن کے 2 تھانوں کو نشانہ بنایا، لیکن وہاں تعینات پولیس نفری نے بھرپور جواب دیتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ حملہ آور ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے لیس تھے اور انہوں نے رات 11 بج کر 45 منٹ پر گھڑیوالا تھانے پر حملہ کیا، تقریباً 10 منٹ تک جاری رہنے والی شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد فرار ہو گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ علاوہ ازیں، آدھی رات کے بعد ایک اور حملے میں دہشت گردوں نے وزیر تھانے پر قریبی پہاڑیوں سے فائرنگ کی تاکہ جانی نقصان اور عمارت کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
پولیس افسر نے مزید کہا کہ پولیس نے مؤثر جوابی کارروائی کی، اور تقریباً 25 منٹ تک جاری رہنے والی شدید جھڑپ کے بعد دہشت گرد موقع سے فرار ہو گئے۔
اہلکار نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں نے دونوں حملوں میں جدید ہتھیار استعمال کیے، لیکن وہ پولیس کی تنصیبات کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے میں ناکام رہے، تمام پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
اہلکار نے انکشاف کیا کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران پولیس نے خطے میں 140 سے زائد دہشت گرد حملے تھانوں اور چوکیوں پر پسپا کیے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بنوں، لکی مروت اور شمالی وزیرستان اضلاع میں کیے گئے مختلف آپریشنز میں متعدد شدت پسند مارے گئے یا زخمی ہوئے ہیں۔












لائیو ٹی وی