تیجس جیٹ کا حادثہ منفرد واقعہ ہے، یہ ’غیر معمولی حالات‘ کی وجہ سے پیش آیا، بھارت
ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) نے پیر کے روز کہا ہے کہ گزشتہ ہفتے دبئی میں تیجس جنگی طیارے کا حادثہ ایک ’منفرد واقعہ‘ تھا جو غیر معمولی حالات کے باعث پیش آیا، تاہم مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق جمعے کے روز دبئی ایئر شو میں فضائی کرتب کے دوران بھارت کا تیجس لڑاکا طیارہ شعلوں کے گولے میں تبدیل ہو کر تماشائیوں کے سامنے گر کر تباہ ہوگیا، جس سے شائقین خوفزدہ ہوگئے تھے۔
بھارتی فضائیہ نے کہا ہے کہ وہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری تشکیل دے رہی ہے۔
سرکاری ملکیت والی ہندوستان ایئروناٹکس یہ طیارہ تیار کرتی ہے، جو جنرل الیکٹرک کے انجن سے چلتا ہے، دونوں کمپنیوں نے تحقیقات میں مکمل تعاون کا اعلان کیا ہے۔
تیجس (جس کا مطلب سنسکرت میں ’چمک‘ ہے) بھارت کی فضائیہ کے بیڑے کو جدید بنانے کی کوششوں میں مرکزی اہمیت رکھتا ہے، جو زیادہ تر روسی اور سابق سوویت لڑاکا طیاروں پر مشتمل ہے۔
اس حادثے میں پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا تھا، یہ نئی دہلی کی امیدوں کو دھچکا پہنچاتا ہے کہ وہ گھریلو ساختہ طیارے کو برآمد کر سکے، اور اس سے یہ منصوبہ بھارتی فوجی آرڈرز پر ہی منحصر ہو جاتا ہے تاکہ مقامی دفاعی ٹیکنالوجی کی نمائش برقرار رکھی جا سکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قدر عوامی سطح پر ہونے والا نقصان، 40 سال کی محنت کے بعد تیار کیے گئے اس طیارے کو بیرون ملک منوانے کی کوششوں پر منفی اثر ڈال سکتا ہے۔
ہندوستان ایروناٹکس نے پیر کے روز کہا کہ یہ حادثہ اس کے کاروباری عمل، مالی امور یا آئندہ کی فراہمیوں پر اثرانداز نہیں ہوگا۔
کمپنی کے شیئرز صبح سے 3 فیصد تک نیچے تھے، تاہم بیان جاری ہونے کے بعد بغیر تبدیلی کے برقرار رہے۔












لائیو ٹی وی