حادثے کی شکار دلہن کی ہسپتال میں شادی کی تقریب، ویڈیو وائرل
بھارتی ریاست کیرالا میں ایک دل دہلا دینے والے حادثے کے بعد شدید زخمی ہونے والی دلہن کے ساتھ دلہے نے ہسپتال میں شادی کی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کیرالا میں اسکول ٹیچر آوانی شادی کی تقریب کے لیے 21 نومبر کو بیوٹی پارلر جا رہی تھیں کہ راستے میں ٹریفک حادثے کا شکار ہو کر شدید زخمی ہو گئیں، موقع پر موجود افراد نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، دلہن کو ریڑھ کی ہڈی اور کولہے میں شدید چوٹیں آئیں۔
حادثہ کوٹایم ضلع کے سیاحتی مقام کماراکم میں پیش آیا، جس کے بعد آوانی کو ابتدائی طور پر کوٹایم میڈیکل کالج منتقل کیا گیا، بعد ازاں خصوصی علاج کے لیے انہیں وی پی ایس لیکشور ہسپتال بھیجا گیا۔
میڈیکل ٹیم نے تفصیلی معائنے کے بعد صبح سرجری کا آغاز کیا اور دوپہر تک یہ مکمل کر دی۔
آوانی کی ریڑھ کی ہڈی کے L4 حصے کو شدید چوٹ پہنچی تھی، جو حرکت اور استحکام کے لیے اہم نقطہ ہے، جب کہ کولہے کو بھی زخم پہنچا تھا۔
ڈاکٹروں نے تصدیق کی کہ اعصابی چوٹ کامیابی سے ٹھیک کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ یہ ایک پیچیدہ کیس تھا، لیکن سرجری منصوبے کے مطابق ہوئی، آوانی کی ریڑھ کی ہڈی مستحکم کر دی گئی ہے، اعصاب پر دباؤ کم کر دیا گیا ہے اور وہ اب نیوروسائنسز آئی سی یو میں نگرانی میں ہیں۔
حادثے کے باوجود دلہا اور دلہن کے اہل خانہ نے شادی کی تقریب منسوخ کرنے کے بجائے ہسپتال میں انعقاد کرنے کا فیصلہ کیا۔
ڈاکٹروں، نرسوں اور قریبی رشتہ داروں کی موجودگی میں آوانی اور ان کے منگیتر شیرو نے بغیر موسیقی، سجاوٹ یا روایتی تقاریب کے سادگی سے شادی کی۔
ہسپتال انتظامیہ نے صورتحال کو سمجھتے ہوئے شادی کی اجازت دی کیونکہ دلہا دلہن کے لیے یہ دن خاص تھا۔
بعد ازاں ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں ہونے والی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس نے صارفین کو 2006 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم ویواہ کی یاد دلا دی۔
دلہا شیرو نے گلف نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آج جو حمایت ملی، اس کی ہمیں توقع نہیں تھی، یہ جان کر کہ آوانی کی سرجری کامیاب رہی، ہمیں وہ امید ملی جس کے لیے ہم دعا کر رہے تھے۔
شیرو نے مزید بتایا کہ وہ اور آوانی کئی برسوں سے ایک ساتھ ہیں اور اہل خانہ پہلے ہی ہمارے رشتے کو قبول کر چکے تھے، شادی اسی دن طے تھی اور سب خوشی سے تیاریوں میں مصروف تھے کہ حادثے نے حالات بدل دیے۔
ان کا کہنا تھا کہ آوانی کو اب مکمل دیکھ بھال اور سہارا درکار ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو جائیں گی۔












لائیو ٹی وی