بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر چل بسے
بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں چل بسے۔
فلم فئیر کے مطابق دھرمیندر ممبئی میں وفات پا گئے، وہ صحت کے کئی مسائل میں مبتلا تھے، جن میں سانس کے مسائل بھی شامل تھے اور اسی وجہ سے وہ رواں ماہ کے آغاز میں ہسپتال میں داخل بھی ہوئے تھے۔
چھ دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر میں دھرمیندر نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا، جن میں ’شعلے‘، ’سیتا اور گیتا‘ اور ’چپکے چپکے‘ جیسی آئیکونک فلمیں شامل ہیں، ان کی پہلی فلم 1960 میں ریلیز ہوئی تھی اور ان کی آخری فلم ’اکیس‘ دسمبر میں ریلیز ہونے والی ہے۔
دھرمیندر نے اپنے کیریئر میں بے شمار اعزازات حاصل کیے، جن میں فلم فئیر کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ، نیو جرسی کی جانب سے اعزاز اور بھارت کے تیسرے بڑے شہری اعزاز ’پدما بھوشن‘ شامل ہیں۔
انہوں نے سیاست میں بھی مختصر طور پر حصہ لیا اور 2004 میں بیكانیر سے پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔
رواں ماہ کے آغاز میں بھی ان کے انتقال کی خبریں سامنے آئیں، جنہیں اہل خانہ نے مسترد کر دیا اور بعد میں انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
اداکار کی وفات کی خبر کے بعد تعزیت کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
کرن جوہر، جنہوں نے حال ہی میں دھرمیندر کے ساتھ ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ میں کام کیا۔
انہوں نے انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں اداکار کی وفات کو ایک دور کا خاتمہ قرار دیتے ہوئے لکھا کہ ایک عظیم میگا اسٹار، مین اسٹریم سنیما میں ہیرو کی نمائندگی کرنے والے، بے حد خوبصورت اور اسکرین پر سب سے منفرد شخصیت، دھرمیندر ہمیشہ بھارتی سنیما کے ایک لیجنڈ رہیں گے۔
اداکار بومن ایرانی نے انسٹاگرام پر تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم اس خوشی کے لمحے کو پیچھے مڑ کر دیکھتے ہیں جو انہوں نے لاکھوں لوگوں کو دی، آنکھوں سے ایک آنسو گرتا ہے شکرگزاری اور عقیدت کے ساتھ۔
مشہور بھارتی ڈیزائنر منیش ملہوترا نے بھی دھرمیندر کی وفات پر پیغام شیئر کیا اور کہا کہ یہ بھارتی سنیما کا ایک بڑا نقصان ہے کہ ایک ایسا شخص چلا گیا، جس کے لیے ہماری خواہش تھی کہ وہ اس دنیا سے نہ جائے۔
اداکارہ کاجول نے لکھا کہ ایک اچھے انسان اس دنیا سے چلے گئے، جن کے جانے سے دنیا غریب ہوگئی، ایسا لگتا ہے کہ اس دنیا سے صرف اچھے لوگ ہی جا رہے ہیں۔
اداکار فرحان اختر نے مرحوم اداکار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت فلمی دنیا کا ایک بڑا نقصان ہے۔
انہوں نے کہا کہ چھ دہائیوں تک تفریح فراہم کرنے کے لیے شکریہ، ہم خوش نصیب ہیں کہ ہم نے آپ کی محبت، مہربانی، سخاوت، شدت اور ذہانت کا تجربہ کیا، اسکرین پر اور اسکرین کے باہر۔
بھارتی میڈیا نے کئی ویڈیوز شیئر کیں، جن میں دھرمیندر کی اہلیہ ہیما مالنی اور بیٹی ایشا دیول کو اداکار کی آخری رسومات کے سلسلے میں کریمیٹریم جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جہاں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دیگر شوبز شخصیات جیسے امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن اور عامر خان بھی اداکار کی موت کی خبر کے فوراً بعد کریمیٹریم پہنچتے ہوئے دیکھے گئے۔












لائیو ٹی وی