• KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C
  • KHI: Sunny 25.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Cloudy 18.7°C

ریگی موسیقی کے لیجنڈ جمی کلف 81 برس کی عمر میں چل بسے

شائع November 25, 2025
—فوٹو: رائٹرز
—فوٹو: رائٹرز

ریگی موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کروانے والے جمائیکن گلوکار جمی کلف 81 برس کی عمر میں چل بسے۔

جمی کلف کے انتقال کی خبر ان کی اہلیہ لطیفہ چیمبرز نے اپنے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کے ذریعے دی، جو سامنے آتے ہی وائرل ہوگئی۔

اس اعلان کے بعد دنیا بھر سے مداحوں اور گلوکاروں نے شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جمی کلف کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کی موت کو موسیقی کی دنیا کا ناقابل تلافی نقصان قرار دیا۔

ان کی اہلیہ کے مطابق جمی کلف کا انتقال مرگی کے دورے کے بعد ہونے والے نمونیا کے باعث ہوا، جو کافی بگڑ چکا تھا۔

30 جولائی 1944 کو جمائیکا کے ضلع سینٹ جیمز پیرش میں ایک طوفان کے دوران جیمز چیمبرز کے نام سے پیدا ہونے والے جمی کلف 1950 کی دہائی میں اپنے والد کے ساتھ خاندانی فارم چھوڑ کر دارالحکومت کنگسٹن منتقل ہوئے، وہ کم عمری ہی سے موسیقی میں کامیابی کا عزم رکھتے تھے اور صرف 14 برس کی عمر میں اپنے لکھے گیت ’ہریکین ہیٹی‘ کے ذریعے شہرت حاصل کی۔

جمی کلف کو افریقی طرز کی موسیقی ’ریگی‘ کا عالمی سفیر بھی کہا جاتا تھا اور انہوں نے اس صنف کو دنیا بھر میں مقبول بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا۔

اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے 30 سے زائد البمز ریکارڈ کیے اور پیرس، برازیل اور 1964 میں نیویارک میں ہونے والے ورلڈ فیئر سمیت دنیا بھر میں پرفارم کیا۔

باب مارلے اور دی ویلرز کو متعارف کروانے والے پروڈیوسر کرس بلیک ویل نے بھی جمی کلف کو برطانیہ آ کر ان کے ساتھ کام کرنے کی دعوت دی تھی۔

بعدازاں جمی کلف نے اداکاری کا رخ کیا اور 1972 کی کلاسک فلم ’دی ہارڈر دے کم‘ میں مرکزی کردار نبھایا، جسے پیری ہینزل نے ڈائریکٹ کیا۔

اس فلم نے ریگی موسیقی کو بین الاقوامی سطح پر روشناس کرانے میں اہم کردار ادا کیا اور جمائیکا کی زندگی کے حقیقی، سخت اور کم دکھائے جانے والے پہلوؤں کو عالمی ناظرین کے سامنے پیش کیا، یوں جزیرے کی شناخت کو صرف ساحلی اور سیاحتی مناظر سے آگے بڑھایا۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025