• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

وزیراعظم سے سیکریٹری ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی ملاقات، علاقائی اور عالمی پیش رفت پر گفتگو

شائع November 25, 2025
— فوٹو: وزیراعظم ہاؤس
— فوٹو: وزیراعظم ہاؤس

وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری علی اردشیر لاریجانی کی ملاقات ہوئی ہے، دونوں فریقین نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ شہباز شریف سے ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی اردشیر لاریجانی نے آج وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی، جو اس وقت پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں۔

اعلامیے کے مطابق معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور قریبی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے پر زور دیا۔

اس موقع پر علی اردشیر لاریجانی نے بھی وسیع اور باہمی طور پر فائدہ مند شعبوں میں پاکستان ایران تعلقات کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی تبادلہء خیال کیا، جبکہ خطے میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے لیے مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے علاقائی مسائل پر ایران کے اصولی موقف کو سراہا اور مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ایران کی یکجہتی پر اپنا اور ملک کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے دونوں ممالک کے پرامن اور خوشحال مستقبل کے لیے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

ڈاکٹر علی لاریجانی نے حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایران کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستانی قوم اور قیادت کا شکریہ ادا کیا اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کی وکالت میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔

وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر عزت مآب سید علی خامنہ ای اور صدر عزت مآب مسعود پزشکیان کے لیے اپنے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور پاکستان کی حمایت اور پاکستان- ایران تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں یہ طے کیا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی قیادت میں ایک وفد جلد ایران کا دورہ کرے گا تاکہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص زراعت اور روابط/مواصلات میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025