• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C

صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے، وفاقی وزیرِ تجارت

شائع November 26, 2025
—فوٹو: اے پی پی
—فوٹو: اے پی پی

وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ حکومت صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ صنعتوں پر لاگت کا بوجھ کم ہو اور ملکی معیشت میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے کہا کہ حکومت معاشی چیلنجز کا بغور جائزہ لے رہی ہے اور صنعتی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ کم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔

ایکسپو سینٹر میں تیسری بین الاقوامی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جام کمال خان نے کہا کہ حکومت نے برآمد کنندگان کا دیرینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے برآمدات پر 0.25 فیصد سرچارج ختم کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تجارتی شراکت داروں کے ساتھ معاہدوں پر ازسرِنو بات چیت کر رہا ہے، خلیجی تعاون کونسل (جی سی سی) کے ساتھ نیا آزاد تجارتی معاہدہ منظور ہو چکا ہے، جب کہ امریکا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بھی بڑھ رہا ہے۔

جام کمال خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بار برطانیہ کے ساتھ تجارتی نقشہ تیار کیا گیا ہے اور سیکرٹری سطح پر تکنیکی کمیٹیاں کام کر رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے نئی افریقی منڈیوں تک رسائی حاصل کر لی ہے اور ایتھوپیا میں کامیاب سنگل کنٹری نمائش بھی منعقد کی ہے۔

جام کمال خان کا کہنا تھا کہ تقریباً تمام بڑے ممالک کے نمائندے پاکستان میں موجود ہیں، جو ملک کی تجارت اور معاشی صلاحیت پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔

850 سے زائد غیر ملکی مندوبین نے ایکسپو میں شرکت کی، جن میں سے بہت سے افراد نے پاکستان کے زرعی اور صنعتی شعبوں میں وسیع مواقع کو تسلیم کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنیوں نے گزشتہ چند برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے، اپنی مصنوعات کی قدر میں اضافہ کیا ہے اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں جگہ بنائی ہے۔

جام کمال خان نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات کے حجم اور معیار دونوں میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025