زین احمد سے علیحدگی کی افواہوں کے بعد آئمہ بیگ کی نئی ویڈیو وائرل
گلوکارہ آئمہ بیگ نے شوہر زین احمد سے علیحدگی کی افواہوں کے بعد ان کے ساتھ اپنی نئی ویڈیو شیئر کر کے تمام قیاس آرائیوں کو ختم کر دیا۔
رواں ماہ نومبر کے آغاز سے آئمہ بیگ اور ان کے شوہر زین احمد کے درمیان علیحدگی کی افواہیں گردش کر رہی تھیں۔
یہ افواہیں اس وقت زور پکڑ گئیں جب آئمہ بیگ نے اچانک اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ غیر فعال کر دیا اور زین احمد کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شادی کی تصاویر نظر آنا بند ہو گئیں۔
مداحوں میں ان کے الگ ہونے کی قیاس آرائیوں کو اس وقت تقویت ملی جب دونوں میں سے کسی نے بھی ان افواہوں پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
تاہم، حال ہی میں آئمہ بیگ نے اپنا انسٹاگرام اکاؤنٹ دوبارہ فعال کیا اور پراسرار انسٹا اسٹوریز کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔
ایک اسٹوری میں انہوں نے کسی حوالے سے کاؤنٹ ڈاؤن کا تذکرہ کیا، جب کہ دوسری اسٹوری میں جلدی واپسی کا ذکر کیا۔
ان اسٹوریز کے بعد مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں، لیکن سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ آئمہ بیگ کا کوئی نیا گانا یا البم جلد جاری ہونے والا ہے۔
بعدازاں انہوں نے شوہر زین احمد کے ساتھ بھی ایک اسٹوری بھی شیئر کی، جس میں دونوں کو خوش و خرم دیکھا جا سکتا ہے اور زین احمد کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بھی شادی کی تصاویر دوبارہ واپس آگئی ہیں، جس سے ان کی علیحدگی کی افواہیں ختم ہوگئی ہیں۔
خیال رہے کہ آئمہ بیگ نے رواں سال اگست میں دوست زین احمد سے کینیڈا میں ایک سادہ تقریب میں شادی کی تھی۔












لائیو ٹی وی