جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی
جنوبی افریقا کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹیسٹ کرکٹ میں نئی تاریخ رقم کر دی، وہ بغیر کسی شکست کے 11 فتوحات حاصل کرنے والے کپتان بن گئے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے بعد جنوبی افریقہ نے بھی بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کردیا اور جنوبی افریقہ 1999 کے بعد بھارت میں کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی۔
اس فتح کے بعد جنوبی افریقہ کے کپتان ٹیمبا باووما نے بھی نئی تاریخ رقم کردی، وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بغیر کسی شکست کے 11 میچ جیتنے والے کپتان بن گئے۔
خیال رہے کہ جنوبی افریقہ نے گوہاٹی ٹیسٹ میں بھارت کو 408 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی اور یوں وہ 26 سال بعد بھارت میں کوئی ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوا تھا۔
جنوبی افریقی کپتان ٹیمبا باووما نے بطور کپتان 12 میچوں میں 11 فتوحات حاصل کیں جب کہ ان کی قیادت میں ایک میچ ڈرا ہوا لیکن انہیں کوئی شکست نہیں ہوئی۔
اس سے قبل، یہ اعزاز انگلینڈ کے سابق کپتان مائیک بریرلی کے پاس تھا، جنہوں نے 15 ٹیسٹ میچوں میں بغیر کوئی شکست کے 10 فتوحات حاصل کی تھیں۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 489 رنز بناکر بھارت کو 201 رنز پر ڈھیر کردیا۔
دوسری اننگز میں جنوبی افریقہ نے 260 رنز پر 5 کھلاڑی آؤٹ ہونے کے بعد اننگز ڈیکلیئر کردی اور بھارت کو 549 رنز کا ہدف دیا لیکن بھارت کی بیٹنگ لائن پھر تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی اور ہوم گراؤنڈ پر 408 رنز کی سب سے بڑی شکست کھا گئی۔
مارکو جانسن پلیئر آف دی میچ جب کہ 17 وکٹیں لینے والے سائمن ہارمر پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
واضح رہے کہ ٹیمبا باووما کی قیادت میں جنوبی افریقہ نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمیئن شپ کے فائنل مقابلے میں جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر 27 سال بعد آئی سی سی ٹائٹل جیت لیا تھا۔












لائیو ٹی وی