کوئٹہ: سریاب میں ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑا دیا گیا، ٹرینوں کی آمدورفت معطل
کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ریلوے ٹریک دھماکے سے اڑا دیا گیا جس کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے اڑایا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچا ہے جس کے باعث ٹرینوں کی آمدورفت روک دی گئی۔
پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پولیس بم ڈسپوزل اسکواڈ کی نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی جب کہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔
اس سے قبل، کوئٹہ میں قمبرانی روڈ پر یکے بعد دیگرے دو دھماکے رپورٹ ہوئے جس میں پولیس چوکی اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تاہم ان دھماکوں میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس نے بتایا ہے کہ پہلا دھماکا قمبرانی روڈ کے نزدیک اس وقت ہوا جب نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس چیک پوسٹ پر دستی بم پھینکا۔
دوسرا دھماکا، جو ایک دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا، اسی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب شرپسند عناصر نے پہلے دھماکے کی جگہ کی طرف جانے والی سی ٹی ڈی کی گاڑی کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔












لائیو ٹی وی