واپڈا نے کے فور منصوبے کی بروقت تکمیل کو فنڈز کی فراہمی سے مشروط کردیا
اگرچہ گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم، جسے عام طور پر کے-فور کے نام سے جانا جاتا ہے، پر 86 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ ہو چکی ہے، واٹر اینڈ پاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ اس طویل تاخیر کے شکار منصوبے کی بروقت تکمیل کا انحصار فنڈز کی بلا رکاوٹ فراہمی پر ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے موجودہ بجٹ میں کے-فور کے لیے درکار 40 ارب روپے کے مقابلے میں صرف 3.2 ارب روپے مختص کیے جانے کے چند ماہ بعد واپڈا کی تازہ ترین جانچ سامنے آئی ہے۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی جب واپڈا کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد سعید نے منصوبےکا 2 روزہ دورہ کیا جس کے دوران انہوں نے کے-فور منصوبے کے اہم مقامات پر تعمیراتی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے بعد جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین واپڈا کے پروگرام میں ضلع ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل پر انٹیک اسٹرکچر اور پمپنگ اسٹیشنز، کینجھر جھیل سے کراچی تک ہائی پریشر پائپ لائنز پر مشتمل پانی کے ترسیلی نظام، اور شہر کی ایک فلٹریشن پلانٹ کا دورہ شامل تھا۔
بیان کے مطابق، دورے کے دوران جنرل مینیجر اور پروجیکٹ ڈائریکٹر نے ٹھیکیداروں اور مشیروں کے ہمراہ چیئرمین کو ہر مقام اور ہر معاہدے کے تحت ہونے والی پیش رفت، اہم اہداف اور ان کی تکمیل کے شیڈول سے آگاہ کیا۔
کے-فور منصوبے کو تیزرفتاری سے مکمل کرنے کے لیے اسے 8 کنٹریکٹ پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے، اس وقت ان تمام اہم مقامات پر تعمیراتی کام جاری ہے، منصوبے کی مجموعی فزیکل پیش رفت 64 فیصد ہے اور 86 ارب روپے کی رقم خرچ ہو چکی ہے، واپڈا اس بات کا پابند ہے کہ کے-فور منصوبہ 2026 میں مکمل کیا جائے، بشرطیکہ فنڈز بروقت فراہم کیے جائیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ بریفنگ میں موجودہ مالی حیثیت اور مستقبل کے لیے درکار فنڈز کا جائزہ بھی شامل تھا۔
واپڈا چیئرمین نے کراچی کے لیے منصوبے کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ٹھیکیداروں پر زور دیا کہ وہ ٹائم لائنز کے مطابق کام کی رفتار تیز کریں اور اضافی وسائل تعینات کریں، خاص طور پر پائپ لائن-2 پر کام کرنے والے ٹھیکیدار کو اپنے معاہدے کے شیڈول کے مطابق کام کی رفتار بڑھانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پروجیکٹ ٹیم کو ہدایت کی کہ منصوبے کے ہموار نفاذ کے لیے سندھ حکومت کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ انہوں نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت پانی کی تقسیم اور اضافی نظام سے متعلق منصوبہ بروقت مکمل کرے گی تاکہ کے-فور کے فوائد پوری طرح حاصل کیے جا سکیں۔












لائیو ٹی وی