• KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.2°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.3°C
  • ISB: Cloudy 13.2°C

بھارت طوفان سے متاثرہ سری لنکا کو انسانی امداد کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہا ہے، پاکستان

شائع December 2, 2025
— فائل فوٹو: اے ایف پی
— فائل فوٹو: اے ایف پی

دفترِ خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت سری لنکا کو انسانی امداد پہنچانے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے، جہاں سائیکلون ڈٹوا کے سبب شدید سیلاب اور زمین کھسکنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

دفترِ خارجہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’بھارت مسلسل پاکستان سے سری لنکا کے لیے انسانی مدد میں رکاوٹ بن رہا ہے، خصوصی امدادی پروازسری لنکا روانہ کرنے کے لیے پاکستان کو بھارت سے اجازت ملنے میں 60 گھنٹے سے زائد تاخیر کا سامنا ہے‘۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’گزشتہ شب بھارت کی جانب سے جزوی پرواز کی اجازت جاری کی گئی، جو 48 گھنٹے بعد دی گئی اور عملی طور پر غیر مؤثر تھی، یہ اجازت صرف چند گھنٹوں کے لیے تھی اور واپسی کی پرواز کے لیے اس کی کوئی توثیق نہیں تھی، جس نے سری لنکا کے بھائیوں کے لیے اس ہنگامی ریلیف مشن کو شدید طور پر متاثر کیا‘۔

یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایک دن قبل سفارتی ذرائع نے ڈان کو بتایا تھا کہ پاکستان کو بھارت سے سری لنکا کے لیے امدادی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مل گئی تھی تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف پہنچائی جا سکے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ بھارت اور پاکستان نے رواں سال اپریل میں مقبوضہ کشمیر میں پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد سے ایک دوسرے کے طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کر رکھی ہیں، اکتوبر میں اسلام آباد نے فضائی حدود پر پابندی کو 24 نومبر تک بڑھا دیا تھا۔

سری لنکا میں سیلاب سے اموات 410 ہوگئیں

ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر نے منگل کو بتایا کہ سری لنکا میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 410 ہو گئی ہے، جبکہ ایک ہفتے کی موسلا دھار بارش کے بعد 336 افراد لاپتہ ہیں۔

ڈی ایم سی نے کہا کہ 2004 کے انڈین اوشن سونامی کے بعد یہ ملک میں آنے والی سب سے شدید قدرتی آفت ہے، جس سے 15 لاکھ سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں۔

وسطی شہر ویلماڈا کے ایک اہلکار نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھے گی، کیونکہ ان کا عملہ لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں ملبے تلے دبے متاثرین کی تلاش میں کیچڑ میں کھدائی کر رہا ہے۔

دریں اثنا، دارالحکومت کولمبو میں منگل کو سیلابی پانی کی سطح آہستہ آہستہ کم ہو رہی ہے۔

شہری پانی کی اتنی تیزی سے بڑھنے کی صورت پر حیران تھے، کیونکہ وہ موسمی سیلاب کے عادی ہیں۔

ملک میں بارش کم ہو گئی ہے، لیکن اہلکاروں نے کہا کہ زیادہ متاثرہ وسطی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کی وارننگ اب بھی برقرار ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025