• KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C
  • KHI: Partly Cloudy 23°C
  • LHR: Partly Cloudy 16.3°C
  • ISB: Cloudy 13.7°C

آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ نے ہیلتھ کارڈ اسکیم کے آغاز اور طلبہ یونین کی بحالی کی منظوری دیدی

شائع December 3, 2025
اجلاس میں کابینہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے پہلے منظور کیے گئے منصوبوں کی بھی حتمی منظوری دی گئی۔ —فوٹو: طارق نقاش/ڈان
اجلاس میں کابینہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے پہلے منظور کیے گئے منصوبوں کی بھی حتمی منظوری دی گئی۔ —فوٹو: طارق نقاش/ڈان

آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کی کابینہ نے یونیورسل ہیلتھ کارڈ اسکیم کے آغاز اور طلبہ یونین کی بحالی کی منظوری دے دی ہے، ساتھ ہی انتظامی، مالی اور ترقیاتی اقدامات کے پیکیج کی بھی منظوری دی ہے، جن میں جائیداد کی منتقلی پر ٹیکسوں میں کمی بھی شامل ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت گزشتہ شب منعقدہ کابینہ کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بینک آف اے جے کے کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے شیڈول بینک کا درجہ دلانے کے لیے 2 ارب 90 کروڑ روپے ایکویٹی فراہم کی جائے، ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خواتین پولیس اسٹیشن قائم کیے جائیں، اور انتظامی محکموں کی تعداد 20 مقرر کی جائے۔

دیگر اہم فیصلوں میں کابینہ نے 5 کلو والٹ اور 60 کلو والٹ صارفین کے لیے یکساں گھریلو اور تجارتی بجلی ٹیرف کی منظوری دی، 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کے واجب الادا بجلی بل معاف کیے، اور مظفرآباد اور راولاکوٹ میں تعلیمی بورڈز کے قیام کی منظوری دی۔

کابینہ کے فیصلوں سے میڈیا کو منگل کے روز سینئر وزیر میاں عبدالوحید اور وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب نے آگاہ کیا۔

سردار جاوید ایوب نے بتایا کہ حکومت اسٹیٹ لائف انشورنس کے ساتھ معاہدہ طے کرنے کے فوراً بعد ہیلتھ کارڈ اسکیم کا آغاز کرے گی، صحت کے وزیر کی سربراہی میں ایک کمیٹی ہسپتالوں کی نشاندہی کرے گی اور 5 دن میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔

تعلیمی اصلاحات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عملے کی کمی کو ایک استاد فی 25 طلبہ کے تناسب کے تحت پورا کیا جائے گا، جہاں ضرورت ہوگی نئی آسامیوں کا قیام عمل میں آئے گا، جب کہ زائد اساتذہ کو اسی یونین کونسل کے اندر منتقل کیا جائے گا، اداروں کو ضرورت کی بنیاد پر اپ گریڈ یا نئے ادارے قائم کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک علیحدہ کمیٹی، جس کی سربراہی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کریں گے، 5 دن میں طلبہ یونین کی بحالی پر اپنی سفارشات پیش کرے گی، وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی جائیداد کی منتقلی پر ٹیکس کم کرنے سے متعلق اپنی تجاویز 5 دن میں دے گی۔

منگلا ڈیم سے متاثرہ خاندانوں کی بحالی کے لیے بھی ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جو 5 دن میں اپنی رپورٹ دے گی، جس کے بعد متاثرین کو زمین کی الاٹمنٹ کا عمل شروع کیا جائے گا۔

کابینہ نے مظفرآباد میں ریونیو کمپلیکس کے نظرثانی شدہ منصوبے، 9 ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ پروجیکٹس کے آغاز اور پونچھ میں محکمہ تعمیرات و مواصلات کے لیے مشینری کی خریداری کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں کابینہ ڈیولپمنٹ کمیٹی (سی ڈی سی) کی جانب سے پہلے منظور کیے گئے منصوبوں کی بھی حتمی منظوری دے دی گئی۔

ان منصوبوں میں مظفرآباد میں 500 کلو واٹ پٹھیارلی اور 500 کلو واٹ ہریالہ ہائیڈرو پاور منصوبے شامل ہیں، جن کی لاگت بالترتیب 49 کروڑ 50 لاکھ روپے اور 49 کروڑ 90 لاکھ روپے ہے، جب کہ کوٹلی میں 220 میٹر طویل گلپور پل کی تعمیر 82 کروڑ 40 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کی گئی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025