• KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C
  • KHI: Clear 24.6°C
  • LHR: Partly Cloudy 17.5°C
  • ISB: Cloudy 13.9°C

پی آئی اے کی نجکاری کیلئے بولی کا عمل 23 دسمبر کو ہوگا، وزیراعظم

شائع December 3, 2025
فوٹو: پی آئی ڈی
فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے بولی کا عمل 23 دسمبر کو ہوگا اور اسے براہِ راست میڈیا پر نشر کیا جائے گا۔

حکومت 51 سے 100 فیصد تک حصص فروخت کرنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ فنڈز حاصل کیے جا سکیں اور مالی نقصان اٹھانے والے سرکاری اداروں میں اصلاحات لائی جا سکیں، جیسا کہ 7 ارب ڈالر کے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام کے تحت طے پایا ہے۔

یہ تقریباً دو دہائیوں میں ملک کی پہلی بڑی نجکاری ہوگی۔ فروخت کے لیے چار بولی دہندگان کو پہلے ہی اہل قرار دیا جا چکا ہے جن میں لکی سیمنٹ کنسورشیم، عارف حبیب کارپوریشن کنسورشیم، فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ اور ایئر بلیو لمیٹڈ شامل ہیں۔

ریاستی نشریاتی ادارے پی ٹی وی نیوز کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق، وزیراعظم نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے عمل میں شریک تمام کارپوریٹ اداروں اور کمپنی نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا۔

بیان میں وزیراعظم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا: “پی آئی اے کی بولی 23 دسمبر 2025 کو ہوگی، جسے تمام میڈیا پر براہ راست نشر کیا جائے گا۔”

انہوں نے کہا کہ قومی ایئرلائن کا “کھویا ہوا وقار” بحال کرنے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے یہ عمل خوش اسلوبی سے جاری ہے۔

“جلد ہی پی آئی اے ایک مرتبہ پھر اپنے نعرے ‘Great People to Fly With’ کی روایت کو زندہ کرے گی۔”

انہوں نے مزید کہا، “ہم پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنا رہے ہیں۔”

وزیراعظم نے کہا کہ دنیا بھر میں پی آئی اے کی پروازوں کی بحالی سے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو سہولت ملے گی، اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لیے “انتہائی ضروری” ہے۔

انہوں نے کہا، “مجھے امید ہے کہ بولی کے بعد آپ میں سے جو بھی یہ اہم ذمہ داری سنبھالے گا وہ قومی ایئرلائن کے وقار کی بحالی اور اس کی ترقی کے لیے پوری توانائی صرف کرے گا۔”

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ شرکاء نے اس پورے عمل کے دوران حکومت کے “پیشہ ورانہ اور شفاف طریقہ کار” کو سراہا۔

ستمبر میں ایک پارلیمانی کمیٹی کو بتایا گیا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ کی نجکاری نومبر تک متوقع ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے 20 نومبر کو حکام کو ہدایت دی تھی کہ نجکاری کے تمام مراحل کو مکمل شفافیت کے ساتھ تیزی سے مکمل کیا جائے۔

تاہم، یہ پیش رفت نہ ہوسکی اور گزشتہ ہفتے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے نجکاری نے بولی کے جاری عمل کو مکمل کرنے کے لیے واضح ٹائم لائن طلب کی اور اس عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔

کارٹون

کارٹون : 13 دسمبر 2025
کارٹون : 12 دسمبر 2025