11 ویں این ایف سی کا افتتاحی اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا
11 ویں نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) کا افتتاحی اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس کا مقصد قابلِ تقسیم وسائل کi افقی اور عمودی تقسیم کے سلسلے میں وفاقی اکائیوں کے درمیان مذاکرات کا باضابطہ آغاز کرنا ہے۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں 3 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے خزانہ اور 4 نان اسٹیٹیوٹری اراکین شریک ہوں گے، جن میں سند سے ڈاکٹر اسد سعید ، بلوچستان سے محفوظ علی خان، پنجاب سے ناصر محمود کھوسہ اور خیبرپختونخوا سے ڈاکٹر مشرف رسول سیان این ایف سی کے رکن ہیں۔
سندھ اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلیٰ، جو خزانہ کے قلمدان کے نگران بھی ہیں، اجلاس میں شریک ہوں گے، خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی ایک بڑے وفد کی قیادت کریں گے، جس میں ان کے مشیر مزمل اسلم، اسٹیٹیوٹری رکن اور سیکریٹری خزانہ بھی شامل ہوں گے۔
اجلاس کے آغاز میں 11ویں این ایف سی ایوارڈ پر غور و خوض کی حکمتِ عملی، جن میں موضوعاتی شعبوں پر غور کے لیے ذیلی گروپوں کی تشکیل کی تجویز وغیرہ شامل ہے، پر عمومی بحث ہوگی۔
اس کے بعد چاروں صوبائی حکومتیں اور وفاقی وزارتِ خزانہ اپنی اپنی مالی صورتحال پر 10 منٹ کی پیشکشیں دیں گی، اجلاس پھر آئندہ این ایف سی اجلاسوں کے شیڈول اور ٹائم لائنز طے کرے گا، جو غالباً وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں اس وقت تک ہوں گے جب تک مشاورت مکمل نہ ہو جائے۔
11 واں این ایف سی ایوارڈ 22 اگست کو تشکیل دیا گیا تھا تاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان قابلِ تقسیم وفاقی وسائل کی نئی تقسیم کا فارمولا طے کیا جا سکے، اس کا پہلا اجلاس، جو ابتدا میں 27 اگست کے لیے مقرر تھا، بارہا مؤخر ہوتا رہا۔
آرٹیکل 160 کی شق 2 کے تحت مقرر کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق، 11ویں این ایف سی کی ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی حکومت اور صوبوں کے درمیان پانچ بڑی ٹیکس کیٹیگریز کی خالص آمدنی تقسیم کرے۔
ان میں آمدنی پر ٹیکس (بشمول کیپیٹل ویلیو ٹیکس اور کارپوریشن ٹیکس) شامل ہیں، تاہم انکم ٹیکس کی وہ اقسام شامل نہیں جن کا تعلق وفاقی کنسولیڈیٹڈ فنڈ سے ادا کی جانے والی تنخواہوں سے ہو۔












لائیو ٹی وی