• KHI: Clear 27.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.1°C
  • KHI: Clear 27.9°C
  • LHR: Partly Cloudy 21.7°C
  • ISB: Partly Cloudy 19.1°C

شام سمیت مزید سات ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی

شائع 17 دسمبر 2025 11:38am
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ’انتہائی سنگین جوابی کارروائی‘ کا عزم ظاہر کیا —فائل فوٹو/ اے ایف پی
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ’انتہائی سنگین جوابی کارروائی‘ کا عزم ظاہر کیا —فائل فوٹو/ اے ایف پی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کے روز ان ممالک کی فہرست میں توسیع کر دی جن پر مکمل سفری پابندی عائد ہے، اور شام سمیت مزید سات ممالک کے شہریوں کے امریکا میں داخلے پر پابندی لگا دی۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا کہ ٹرمپ نے ایک اعلان نامے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت ’ان ممالک کے شہریوں پر داخلے کی پابندیاں مزید وسیع اور سخت کی جا رہی ہیں جہاں اسکریننگ، جانچ پڑتال اور معلومات کے تبادلے کے نظام میں مسلسل اور سنگین خامیاں پائی جاتی ہیں، تاکہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کو لاحق خطرات سے ملک کو محفوظ رکھا جا سکے‘۔

منگل کو کیے گئے فیصلے کے تحت برکینا فاسو، مالی، نائیجر، جنوبی سوڈان، شام اور فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ سفری دستاویزات رکھنے والے افراد کے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

اس اقدام کے تحت لاؤس اور سیرا لیون پر بھی مکمل پابندی نافذ کی گئی ہے، جن پر اس سے قبل صرف جزوی پابندیاں تھیں۔

وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ توسیع شدہ پابندی یکم جنوری سے نافذ العمل ہوگی۔

یہ اقدام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے نومبر میں شامی صدر احمد الشراع سے تاریخی ملاقات کے بعد شام کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔ احمد الشراع ایک سابق القاعدہ کمانڈر ہیں جنہیں حالیہ عرصے تک واشنگٹن کی جانب سے غیر ملکی دہشت گرد قرار دے کر پابندیوں کا سامنا تھا۔

ٹرمپ نے احمد الشراع کی حمایت کی ہے، جن کا دورہ ایک غیر معمولی سال کے اختتام پر ہوا، جس میں انہوں نے طویل عرصے سے اقتدار میں رہنے والے آمر بشار الاسد کا تختہ الٹ دیا تھا۔ اس کے بعد وہ خود کو ایک معتدل رہنما کے طور پر پیش کرنے اور جنگ سے تباہ حال ملک کو متحد کرنے کے لیے دنیا بھر کا دورہ کرتے رہے ہیں، تاکہ شام کو دہائیوں سے جاری عالمی تنہائی سے نکالا جا سکے۔

تاہم ہفتے کے روز ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ’انتہائی سنگین جوابی کارروائی‘ کا عزم ظاہر کیا، جب امریکی فوج نے بتایا کہ شام میں ایک مشتبہ داعش حملہ آور کے حملے میں دو امریکی فوجی اور ایک شہری مترجم ہلاک ہو گئے۔ حملہ آور نے امریکی اور شامی افواج کے قافلے کو نشانہ بنایا تھا، جسے بعد میں ہلاک کر دیا گیا۔

ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں اس واقعے کو ’خوفناک‘حملہ قرار دیا۔

وائٹ ہاؤس نے پابندی کے جواز کے طور پر شام کے شہریوں کی جانب سے ویزا کی مدت سے زیادہ قیام کی شرح کا حوالہ دیا۔

بیان میں کہا گیا، ’شام ایک طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی اور داخلی کشمکش سے نکل رہا ہے۔ اگرچہ یہ ملک امریکا کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت اپنے سیکیورٹی مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم شام کے پاس اب بھی پاسپورٹ یا سول دستاویزات جاری کرنے کے لیے مؤثر مرکزی اختیار موجود نہیں، اور نہ ہی مناسب اسکریننگ اور جانچ پڑتال کے نظام دستیاب ہیں۔‘

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 17 دسمبر 2025
کارٹون : 16 دسمبر 2025