• KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17°C
  • ISB: Rain 16.6°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 17°C
  • ISB: Rain 16.6°C

توشہ خانہ ٹو کیس کی سزا گزشتہ سزا کے بعد شروع ہوگی، حکومتی وزرا

شائع December 20, 2025 اپ ڈیٹ December 20, 2025 03:21pm
وزیرِ اطلاعات نے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے تحائف کی کم قیمت لگوا کر اور انہیں ذاتی استعمال میں رکھ کر ’دھوکہ دہی‘ کی۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیرِ اطلاعات نے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے تحائف کی کم قیمت لگوا کر اور انہیں ذاتی استعمال میں رکھ کر ’دھوکہ دہی‘ کی۔ — فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ آج (ہفتے کو) سنائی گئی سزا ’مسلسل (کنسیکیٹو) سزا‘ ہے جو 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں دی گئی سزا پوری ہونے کے بعد شروع ہوگی۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اطلاعات نے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ نے تحائف کی کم قیمت لگوا کر اور انہیں ذاتی استعمال میں رکھ کر ’دھوکہ دہی‘ کی۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی اہلیہ کے اقدامات ’عوامی اعتماد کی خلاف ورزی‘ کے مترادف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’ٹرائل کے دوران جب ان تحائف کی درست انداز میں قیمت لگائی گئی تو یہ بات سامنے آئی کہ ان کی اصل قیمت خاصی زیادہ تھی‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں نے تحائف کی کم قیمت ظاہر کر کے اور انہیں ذاتی استعمال میں رکھ کر فراڈ کیا۔

وزیرِ اطلاعات نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں قومی خزانے کو نقصان پہنچانے اور تحائف اپنے پاس رکھنے کا کوئی حق نہیں تھا۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ مکمل طور پر منصفانہ اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عہدے کا غلط استعمال، سرکاری املاک کے ساتھ بددیانتی اور امانت میں خیانت یہ سب کچھ ثابت ہو چکا ہے۔

دوسری جانب وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ یہ فیصلہ ’آئین اور قانون کے عین مطابق‘ ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ اس میں کوئی سیاسی پہلو نہیں، اگر آپ قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو سزا متوقع ہوتی ہے۔

بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ 15 سے 16 ماہ تک جاری رہنے والے ٹرائل کے دوران یہ ثابت ہوا کہ پی ٹی آئی کے بانی اور ان کی اہلیہ نے سیٹ کی کم قیمت ظاہر کر کے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا۔

وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ فیصلہ طویل قانونی کارروائی کے بعد سامنے آیا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ کیس توشہ خانہ ون ریفرنس سے ملتا جلتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو ملنے والا تحفہ جمع نہیں کرایا گیا، حالانکہ توشہ خانہ میں تحائف قبول کرنے اور جمع کرانے کے طریقۂ کار کے مطابق یہ قانونی طور پر لازم تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے بشریٰ بی بی اور عمران خان نے اس سیٹ کو انتہائی کم قیمت پر خریدنے کی کوشش کی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ آج کے فیصلے کی روشنی میں تمام حقائق اب ثابت ہو چکے ہیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2025
کارٹون : 18 دسمبر 2025