بھارتی کھلاڑیوں کے رویے مناسب نہیں تھے، سرفراز احمد
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے مینٹور اور سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشا کپ فائنل کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ مناسب نہیں تھا۔
انڈر 19 ایشیا کپ میں شاندار کامیابی کے بعد قومی انڈر 19 ٹیم کے کوچ، مینٹور اور کھلاڑیوں نے اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی، جہاں ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے بھارتی کھلاڑیوں کے رویے پر تنقید کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے ٹیم نے منظم اور بھرپور تیاری کی تھی۔ کھلاڑیوں نے طے شدہ حکمتِ عملی کے مطابق کھیل پیش کیا، جس کا نتیجہ کامیابی کی صورت میں سامنے آیا۔
اس موقع پر ٹیم کے مینٹور سرفراز احمد نے بتایا کہ وزیراعظم کی جانب سے کھلاڑیوں کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے، جس سے نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو شکست دے کر کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، فائنل میں سمیر منہاس نے شاندار اننگز کھیلی، جبکہ دیگر کھلاڑیوں نے بھی مجموعی طور پر عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل اس کامیابی نے ٹیم کے اعتماد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ فی الحال مینٹور کی ذمہ داری نبھانا ہی کافی ہے، ورلڈ کپ سے قبل ایسی فتح یقیناً اعتماد میں اضافہ کرتی ہے۔
بھارتی ٹیم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا رویہ کھیل کی روایات کے مطابق نہیں تھا اور ان کا طرزِ عمل نامناسب رہا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے اپنے کھلاڑیوں کو اسپورٹس مین اسپرٹ برقرار رکھنے کی ہدایت کی تھی۔
پریس کانفرنس کے دوران ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کی، جس کے باعث میدان میں بہتر نتائج حاصل ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل ٹیم اپنی خامیوں پر کام کرے گی تاکہ کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے۔
فائنل میں شاندار بیٹنگ کرنے والے سمیر منہاس نے کہا کہ ٹیم کا منصوبہ یہی تھا کہ پورے ٹورنامنٹ میں بے خوف ہو کر کرکٹ کھیلی جائے اور یہی حکمتِ عملی ٹیم کی کامیابی کی بنیاد بنی۔
واضح رہے کہ پاکستان نے گزشتہ روز آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں کھیلے گئے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 191 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔












لائیو ٹی وی