• KHI: Partly Cloudy 26.7°C
  • LHR: Sunny 20°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.3°C
  • KHI: Partly Cloudy 26.7°C
  • LHR: Sunny 20°C
  • ISB: Partly Cloudy 18.3°C

لیبیا کے آرمی چیف ترکیہ سے واپسی پر طیارہ حادثے میں جاں بحق

شائع 24 دسمبر 2025 12:58pm
لیبیا کے وزیراعظم نے کہا کہ یہ سانحہ قوم، عسکری ادارے اور تمام عوام کے لیے بڑا نقصان ہے۔ فائل فوٹو: رائٹرز
لیبیا کے وزیراعظم نے کہا کہ یہ سانحہ قوم، عسکری ادارے اور تمام عوام کے لیے بڑا نقصان ہے۔ فائل فوٹو: رائٹرز

لیبیا کے آرمی چیف آف اسٹاف محمد علی احمد الحدّاد منگل کو ایک طیارہ حادثے میں جاں بحق ہو گئے، حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ سے واپس روانہ ہوئے تھے، طیارے میں سوار چار دیگر افراد بھی جاں بحق ہو گئے۔

لیبیا کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ نے بیان میں کہا کہ یہ ایک المناک اور دردناک واقعہ ہے جو انقرہ کے سرکاری دورے سے واپسی پر پیش آیا، انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ قوم، عسکری ادارے اور تمام عوام کے لیے بڑا نقصان ہے۔

واشنگٹن ڈی سی میں قائم اسٹمسن سینٹر کے مطابق لیبیا 2014 سے عملاً دو نیم خودمختار ریاستوں میں منقسم ہے، مغربی حصہ حکومتِ قومی اتحاد کے زیرِ انتظام ہے جس کے وزیر اعظم عبدالحمید دبیبہ ہیں جبکہ مشرقی حصہ فیلڈ مارشل خلیفہ بلقاسم حفتر کی لیبین آرمڈ فورسز کے کنٹرول میں ہے۔

دبیبہ کے مطابق طیارے میں لیبیا کی زمینی افواج کے کمانڈر ملٹری انڈسٹریل اتھارٹی کے سربراہ چیف آف اسٹاف کے مشیر اور ان کے دفتر سے وابستہ ایک فوٹوگرافر بھی سوار تھے۔

ترکیہ کے وزیر داخلہ علی یرلیکایا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ طیارہ انقرہ کے ایسن بوغا ایئرپورٹ سے شام پانچ بج کر 10 منٹ پر طرابلس کے لیے روانہ ہوا تھا اور شام پانچ بج کر 52 پر اس سے ریڈیو رابطہ منقطع ہو گیا۔

انہوں نے کہا کہ طیارے کا ملبہ انقرہ کے ضلع ہیمانا میں واقع گاؤں کیسیق کاواک کے قریب سے ملا ہے۔ ان کے مطابق ڈاسو فالکن 50 طیارے نے ہیمانا کے اوپر ہنگامی لینڈنگ کی درخواست کی تھی، تاہم اس کے بعد رابطہ قائم نہ ہو سکا۔

حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔

ترکیہ کے وزیر انصاف یلماز نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

طرابلس میں قائم حکومتِ قومی اتحاد نے بیان میں کہا کہ وزیر اعظم نے وزیر دفاع کو ہدایت دی ہے کہ وہ ایک سرکاری وفد انقرہ بھیجیں تاکہ کارروائی کی نگرانی کی جا سکے۔

حکومتِ قومی اتحاد کے وزیر مملکت برائے سیاسی امور و ابلاغ ولید العلافی نے نشریاتی ادارے لیبیا الاحرار کو بتایا کہ ابھی یہ واضح نہیں کہ حادثے کی رپورٹ کب تک تیار ہوگی، انہوں نے کہا کہ طیارہ مالٹا میں رجسٹرڈ لیز پر لیا گیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکام کے پاس طیارے کی ملکیت یا تکنیکی تاریخ سے متعلق فی الحال مکمل معلومات موجود نہیں، تاہم اس پہلو کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

ترکیہ کی وزارت دفاع نے اس سے قبل حداد کے دورے کا اعلان کیا تھا، جس میں بتایا گیا تھا کہ انہوں نے ترک وزیر دفاع یشار گولر، اپنے ترک ہم منصب سلجوق بیرقداراوغلو اور دیگر ترک فوجی کمانڈروں سے ملاقاتیں کی تھیں۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 24 دسمبر 2025
کارٹون : 23 دسمبر 2025