• KHI: Partly Cloudy 24.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.1°C
  • KHI: Partly Cloudy 24.5°C
  • LHR: Partly Cloudy 19.9°C
  • ISB: Partly Cloudy 16.1°C

’بند کرو اسے‘ براہ راست نشریات اچانک بند ہونے پر احسن اقبال کی وضاحت

شائع 26 دسمبر 2025 01:55pm
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے احسن اقبال سے بات کی ہے اور بتایا کہ بچے اچانک دوڑتے ہوئے اسٹڈی میں آ گئے تھے، سب خیریت ہے اور وہ دوبارہ شو میں شامل ہو گئے تھے۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے احسن اقبال سے بات کی ہے اور بتایا کہ بچے اچانک دوڑتے ہوئے اسٹڈی میں آ گئے تھے، سب خیریت ہے اور وہ دوبارہ شو میں شامل ہو گئے تھے۔ فائل فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گزشتہ رات اے آر وائی نیوز کے وسیم بادامی کے ساتھ ان کے انٹرویو میں اچانک خلل پر گردش کرنے والی قیاس آرائیوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اُمید ہے اس معاملے کو غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

جمعرات کی شب وزیر منصوبہ بندی اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں ویڈیو لنک کے ذریعے براہِ راست شریک تھے۔ اس دوران جب وہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پر بات کر رہے تھے تو اچانک گفتگو میں خلل پڑا، جب ایک شخص نے جو ویڈیو میں نظر نہیں آیا، بلند اور جارحانہ انداز میں کہا ’بند کرو اسے‘۔

اس کے فوراً بعد احسن اقبال کی کال منقطع ہو گئی، جس پر میزبان نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے سب خیریت ہے، سمجھ نہیں آ رہا کیا ہوا ہے۔

بعد ازاں احسن اقبال دوبارہ پروگرام میں شامل ہوئے اور بتایا کہ سب ٹھیک ہے۔

واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں کی جانے لگیں اور کئی افراد نے اسے سیاسی نوعیت کا واقعہ قرار دیا۔ تاہم وزیر منصوبہ بندی نے آج صبح ایکس پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ براہِ راست نشریات کے دوران قریبی جگہ پر کسی کے درمیان بحث ہو رہی تھی اور اسے علم نہیں تھا کہ وہ لائیو آن ایئر ہیں، جس کے باعث مختصر خلل آیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ کچھ ہی دیر بعد دوبارہ انٹرویو میں شامل ہو گئے تھے اور عوام سے اپیل کی کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر سیاسی نہ بنایا جائے۔

یہ وضاحت انہوں نے صحافی اجمل جامی کی ایک پوسٹ کے جواب میں دی، جنہوں نے بتایا کہ انہوں نے ویڈیو کلپ دیکھنے کے بعد احسن اقبال سے بات کی تھی۔ اجمل جامی کے مطابق احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر خاندانی اجتماع تھا اور بچے اچانک ان کے اسٹڈی روم میں داخل ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ کچھ دیر میں دوبارہ پروگرام میں شامل ہو گئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے بھی تصدیق کی کہ انہوں نے احسن اقبال سے بات کی ہے اور بتایا کہ بچے اچانک دوڑتے ہوئے اسٹڈی میں آ گئے تھے، سب خیریت ہے اور وہ دوبارہ شو میں شامل ہو گئے تھے۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025