پاکستان کا یمن میں امن کیلئے سعودی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار

شائع 27 دسمبر 2025 12:24pm
پاکستان نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں ملک میں دیرپا امن کے قیام اور یمنی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کی صورت میں سامنے آئیں گی۔فوٹو: رائٹرز
پاکستان نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں ملک میں دیرپا امن کے قیام اور یمنی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کی صورت میں سامنے آئیں گی۔فوٹو: رائٹرز

پاکستان نے یمن میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے لیے سعودی عرب کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ پاکستان یمن میں حالیہ پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

بیان کے مطابق پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی جانب سے جمہوریہ یمن میں امن اور استحکام کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس ضمن میں متحدہ عرب امارات کی کاوشوں کو بھی سراہتا ہے۔

دفتر خارجہ نے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یمنی فریقین ایسے کسی یکطرفہ اقدام سے گریز کریں گے جس سے صورتحال مزید کشیدہ ہو۔

بیان میں تمام یمنی فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ طے شدہ اصولوں کی بنیاد پر جامع اور مذاکراتی سیاسی حل کے لیے تعمیری اور نیک نیتی کے ساتھ بات چیت کریں۔

پاکستان نے امید ظاہر کی کہ جاری سفارتی کوششیں ملک میں دیرپا امن کے قیام اور یمنی عوام کی مشکلات کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کی صورت میں سامنے آئیں گی۔

واضح رہے کہ یمن کے جنوبی علیحدگی پسندوں کی مرکزی جماعت سدرن ٹرانزیشنل کونسل نے رواں ماہ کے اوائل میں سعودی حمایت یافتہ اور بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کو عدن میں اس کے ہیڈکوارٹر سے بے دخل کر دیا تھا اور جنوبی علاقوں کے بڑے حصے پر کنٹرول کا دعویٰ کیا تھا۔

جمعے کو متحدہ عرب امارات کی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ وہ یمن میں سکیورٹی اور استحکام کے لیے سعودی عرب کی کوششوں کا خیرمقدم کرتی ہے اور ملک میں استحکام کی حمایت کے لیے پُرعزم ہے۔

سعودی عرب نے جمعرات کو کہا تھا کہ یمنی علیحدگی پسند حالیہ دنوں میں قبضے میں لی جانے والی علاقوں کو واپس کریں، جبکہ اس نے حکومتی کیمپ کے اندر کشیدگی کم کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 27 دسمبر 2025
کارٹون : 25 دسمبر 2025