عمران فاروق کو الطاف حسین نے قتل کروایا، مصطفیٰ کمال
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے الزام لگایا ہے کہ عمران فاروق کو الطاف حسین نے قتل کروایا۔
کراچی میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے قتل کا الزام بانی ایم کیو ایم پر عائد کرتے ہوئے ان پر 25 سال تک بھارتی خفیہ ایجنسی را سے پیسے لینے کا سنگین الزام بھی عائد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نشے میں دھت الطاف حسین نے پارٹی کو 40 سال دینے والے عمران فاروق کو ان کی سالگرہ والے دن قتل کروا کر 17 ستمبر 2010 کو خود کو سالگرہ کا تحفہ دیا۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا بانی ایم کیوایم ڈرامہ باز آدمی ہے، ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کی لاش پر بانی ایم کیوایم نے ناٹک کیا۔
واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کو 15 سال قبل 16 ستمبر 2010 کو لندن میں ان کی رہائشگاہ کے قریب قتل کر دیا گیا تھا۔
ان کے قتل کا کیس پانچ سال تک عدالت میں چلا جس کے بعد 2015 میں انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مجرمان خالد شمیم، محسن علی اور معظم علی کو عمر قید کی سزا اور تینوں پر 10، دس لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔
مصطفیٰ کمال نے پریس کانفرنس میں مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں ڈاکٹر عمران فاروق کی اہلیہ کا انتقال ہوا، نام نہاد بانی ایم کیو ایم نے اس لاش کو لے کر واویلا مچایا۔
انہوں نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم نے میت پاکستان بھیجنے کے لیے دنیا بھر سے چندا اکٹھا کیا، میں نے دو سال سے بانی ایم کیوایم پر بات کرنا چھوڑ دی تھی، یہ ڈرامے کر رہا ہے، تکیے کے نیچے سے 5 لاکھ پاؤنڈ نکلے، آفس سے 6 لاکھ پاؤنڈ نکلے، ان کے پاس 6 ہزار پاؤنڈ نہیں تھے عمران فاروق کی بیوی کے لیے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا عمران فاروق کے مرنےکے بعد اہلخانہ سے کوئی رابطہ نہیں تھا، بانی ایم کیوایم سے کہتا ہوں وہ کیس کھلوائیں کہ اصل قاتلوں کا پتا لگایا جائے، الطاف حسین ہمت کرے میں اپنے پیسے سے اس کا ساتھ دینے کو تیار ہوں، یہ آدمی خود کو راجا اندر سمجھتا ہے ہم نے بہت سی باتوں پر پردہ ڈالا، جب عمران فاروق کو قتل کیا گیا تھا میں پارٹی کی جانب سے گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ میں وہاں موجود تھا بانی ایم کیوایم کو نماز جنازہ میں صرف تصویر بنوانی تھی، بانی الطاف حسین نے مسجد میں کیمرے کی اجازت نا ہوتےہوئے بھی لڑکے سے تصویربنوائی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا بانی ایم کیو ایم مہاجر قوم کا سب سے بڑا غدار ہے، مہاجر قوم بڑی بدقسمت ہے، کیا کرمنل قائد ملا ہے ہمیں، 40 سال میں کتنے لوگوں کو یہ کھا گیا، اب بھی کھا رہا ہے، ہم آئینی ترمیم لے کر گھوم رہے تھے اس کو اللہ نے اتنی طاقت دی تھی، اس وقت اس کو یہ خیال نہیں آیا اب یہ ہمیں کہہ رہا ہے، اس نےآئینی ترمیم کے لیے کبھی ہڑتال کی جب ایک آواز پر 5 لاکھ لوگ جمع ہو جاتے، 20 سال پہلے یہ سب کرتا تو 10 منٹ میں آئینی ترمیم ہوتی لیکن یہ نہیں چاہتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اسکاٹ لینڈیارڈ کو پتا تھا عمران فاروق کو کس نے مارا ہے، اس لیے انہوں نے قتل کے 15 دن تک بچوں کو چھپا کر رکھا تھا، ڈاکٹر عمران فاروق کے بچے ابھی جوان ہوگئے ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا عمران فاروق کے بچوں سے کہتا ہوں لندن میں اس شخض سے بچو، اپنے باپ کے قتل کی تحقیقات کے لیے عدالت جاؤ اور مقدمہ دائر کرو، یہ آدمی خاموشی کو کمزوری سمجھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا اس شخص الطاف حسین نےمیرا شہر تباہ کردیا ہے، ہم ان شاء اللہ اس شہر کو دوبارہ اسی جگہ لے کر جائیں گے۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی ٹریلر دکھایا ہے، چیلنج کرتا ہوں آئے اور الطاف حسین ہم سے بات کرے۔












لائیو ٹی وی