دو روز میں ٹیسٹ میچ ختم، آئی سی سی نے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی پچ ناقص قرار دے دی
چوتھے ایشیز ٹیسٹ کے لیے میلبرن کرکٹ گراؤنڈ (ایم سی جی) کی باؤلرز کے لیے سازگار پچ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ناقص قرار دے دیا۔
میچ ریفری جیف کرو نے کہا کہ ایم سی جی کی پچ حد سے زیادہ باؤلرز کے حق میں تھی، پہلے دن 20 وکٹیں گریں، دوسرے دن 16 وکٹیں گریں اور کوئی بھی بلے باز نصف سنچری تک نہ پہنچ سکا، اسی لیے گائیڈ لائنز کے مطابق پچ کو ناقص قرار دیا گیا اور وینیو کو ایک ڈی میرٹ پوائنٹ ملا۔
واضح رہے کہ انگلینڈ نے دوسرے دن کے آخری سیشن میں چار وکٹوں سے آسٹریلیا کو شکست دی، چاروں اننگز میں کسی بھی بلے باز کا زیادہ سے زیادہ اسکور 46 رہا۔
پرٹھ ٹیسٹ بھی دو دن میں ختم ہوا تھا تاہم اس پچ کو آئی سی سی نے بہت اچھی ریٹنگ دی تھی۔
ایم سی جی کے کیوریٹر میٹ پیج اور ان کی ٹیم نے وکٹ پر 10 ملی میٹر گھاس چھوڑی، جس سے فاسٹ باؤلرز کو سیم اور باؤنس ملا اور بیٹنگ نہایت مشکل ہوگئی۔
اس صورتحال کے باعث کرکٹ آسٹریلیا کو تقریباً ایک کروڑ آسٹریلوی ڈالر کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ تیسرے اور چوتھے دن کے ٹکٹ واپس کرنا پڑے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے چیف آف کرکٹ جیمز آل سوپ نے کہا کہ تیسرے اور چوتھے دن کے ٹکٹ رکھنے والے شائقین اور دنیا بھر میں میچ دیکھنے کے منتظر لاکھوں مداحوں کے لیے یہ مایوس کن تھا کہ پچ بلے اور گیند کے درمیان ایم سی جی کا روایتی توازن فراہم نہ کر سکی۔
آئی سی سی کے فیصلے سے قبل آسٹریلوی کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے میٹ پیج کا دفاع کرتے ہوئے پچ کی تیاری میں مداخلت کے خلاف خبردار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میٹ پیج نے برسوں سے شاندار کام کیا ہے اور کم اسکور کرنے میں بلے بازوں کو بھی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔
ایشیز سیریز میں آسٹریلیا کو 1-3 کی برتری حاصل ہے جبکہ پانچواں اور آخری ٹیسٹ اتوار(4 جنوری) سے سڈنی میں شروع ہوگا۔












لائیو ٹی وی