یو اے ای یمن سے فوج واپس بلائے اور کسی بھی فریق کی امداد بند کرے، سعودی عرب

شائع December 30, 2025
سعودی عرب کو متحدہ عرب امارات کے اِن اقدامات پر مایوسی ہوئی، جن میں سدرن ٹرانزیشنل کونسل کی افواج پر دباؤ ڈال کر مملکت کی جنوبی سرحدوں پر حضرموت اور المہرا کے صوبوں میں فوجی کارروائیاں کروائی گئیں. فوٹو رائٹرز
سعودی عرب کو متحدہ عرب امارات کے اِن اقدامات پر مایوسی ہوئی، جن میں سدرن ٹرانزیشنل کونسل کی افواج پر دباؤ ڈال کر مملکت کی جنوبی سرحدوں پر حضرموت اور المہرا کے صوبوں میں فوجی کارروائیاں کروائی گئیں. فوٹو رائٹرز

سعودی عرب کی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے یمن میں کیے گئے فضائی حملے میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے آنے والے ہتھیاروں اور فوجی گاڑیوں کو نشانہ بنانے کے بعد سعودی عرب نے مطالبہ کیا ہے کہ یو اے ای یمن کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے 24 گھنٹے میں یمن سے اماراتی فوجیوں کو واپس بُلا لے گا۔

یاد رہے کہ یمن میں جاری خانہ جنگی میں متحدہ عرب امارات سدرن ٹرانزیشنل کونسل (ایس ٹی سی) کا حامی ہے اور اس گروہ نے حالیہ دنوں میں یمن کے علاقوں میں پیش قدمی کرتے ہوئے اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے۔ ادھر سعودی عرب ایس ٹی سی کی مخالفت کرتا ہے اور یمن میں قائم حکومت کا ساتھ دیتا ہے۔

سعودی عرب کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے ( ایس ٹی سی) کو فوجی مدد فراہم کرنا یمن اور سعودی عرب کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے اقدامات ’اتحاد کے اصولوں کے خلاف ہیں‘ اور اِن سے یمن میں قیام امن کی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔

بیان کہا گیا ہے کہ’سعودی عرب کو متحدہ عرب امارات کے اِن اقدامات پر مایوسی ہوئی، جن میں سدرن ٹرانزیشنل کونسل کی افواج پر دباؤ ڈال کر مملکت کی جنوبی سرحدوں پر حضرموت اور المہرا کے صوبوں میں فوجی کارروائیاں کروائی گئیں۔ یہ اقدامات سعودی عرب کی قومی سلامتی اور یمن و خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ تصور کیے جاتے ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کے اٹھائے گئے اقدامات انتہائی خطرناک ہیں اور کسی بھی خطرے کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے تاکہ ایسے خطرات کو ختم کیا جا سکے۔‘

سعودی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمن کی خودمختاری، سلامتی اور اتحاد کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور ہمیشہ اس بات پر زور دیا کہ بحران کا واحد حل ’یمنی قیادت کے مابین سیاسی مکالمہ ہے جس میں تمام فریق شامل ہوں، بشمول ایس ٹی سی۔‘

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 30 دسمبر 2025
کارٹون : 29 دسمبر 2025