ایران میں مہنگائی کے خلاف احتجاج کے دوران ہلاکتوں کی اطلاعات، کئی شہروں میں جھڑپیں

شائع January 1, 2026
ہینگاؤ کے مطابق بدھ کو وسطی ایران کے صوبہ اصفہان میں بھی ایک مظاہرین جان سے گیا۔ فوٹو رائٹرز
ہینگاؤ کے مطابق بدھ کو وسطی ایران کے صوبہ اصفہان میں بھی ایک مظاہرین جان سے گیا۔ فوٹو رائٹرز

ایران میں بے امنی کے دوران متعدد افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ ایرانی خبر رساں ادارے اور ایک حقوق گروپ کے مطابق مہنگائی میں شدید اضافے کے خلاف تین برس میں سب سے بڑے احتجاج کے دوران کئی صوبوں میں پر تشدد مظاہرے ہوئے ہیں۔

نیم سرکاری فارس نیوز ایجنسی نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ مغربی ایران کے شہر لردیگان میں پولیس اور مسلح مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کئی افراد مارے گئے۔ حقوق گروپ ہینگاو نے بھی لردیگان میں ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

لردیگان میں جمعرات کی جھڑپیں، ایک سکیورٹی اہلکار کی رات گئے ہلاکت اور بدھ کو ایک مظاہرین کی موت، اتوار سے دکانداروں کے احتجاج کے بعد بے امنی میں اضافے کی نشاندہی کرتی ہیں۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے بتایا کہ مغربی شہر کوہدشت میں اس کی ذیلی بسیج رضاکار فورس کا ایک رکن امیرحسام ہلاک ہوا جب کہ 13 دیگر اہلکار زخمی ہوئے۔

ہینگاؤ کے مطابق بدھ کو وسطی ایران کے صوبہ اصفہان میں بھی ایک مظاہرین جان سے گیا۔

تاہم رائٹرز ان خبروں کی فوری طور پر آزادانہ تصدیق نہیں کرسکا۔

حکومت نے سکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ مذاکرات کی پیشکش بھی کی ہے۔

حکومتی ترجمان فاطمہ مہاجرانی کے مطابق حکام تاجروں اور تجارتی یونینز کے نمائندوں سے براہِ راست بات چیت کریں گے، تاہم تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

گزشتہ کئی دنوں سے مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ، دکاندار اور تاجر احتجاج کر رہے ہیں اور بڑے بازار بند کیے جا رہے ہیں۔ حکومت نے بدھ کو شدید سردی کے باعث ملک کے بیشتر حصوں میں عام تعطیل کا اعلان کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ انہوں نے وزیر داخلہ کو مظاہرین کے جائز مطالبات سننے کی ہدایت کی ہے۔

ایران کی معیشت برسوں سے امریکی اور مغربی پابندیوں کے باعث دباؤ کا شکار ہے، جو جوہری پروگرام سے جڑی ہوئی ہیں۔

جون میں اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ فضائی جنگ نے بھی مالی مشکلات میں اضافہ کیا۔ 2025 میں ایرانی ریال کی قدر ڈالر کے مقابلے میں تقریباً نصف رہ گئی، جب کہ دسمبر میں مہنگائی 42.5 فیصد تک پہنچ گئی۔

1000 حروف

معزز قارئین، ہمارے کمنٹس سیکشن پر بعض تکنیکی امور انجام دیے جارہے ہیں، بہت جلد اس سیکشن کو آپ کے لیے بحال کردیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 1 جنوری 2026
کارٹون : 31 دسمبر 2025