9 مئی ڈیجیٹل دہشتگردی کیس: عادل راجا، صابر شاکر، معید پیرزادہ، وجاہت سعید اور حیدر مہدی کو عمر قید کی سزا
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی 2023 کے فسادات سے متعلق مقدمات میں یوٹیوبر عادل راجا، صحافی وجاہت سعید خان، صابر شاکر اور شاہین صہبائی، اینکر پرسن حیدر رضا مہدی، تجزیہ کار معید پیرزادہ اور سابق فوجی افسر اکبر حسین کو دو، دو عمر قید کی سزائیں سنا دیں۔
یہ فسادات 9 مئی 2023 کو سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد پھوٹ پڑے تھے، جن کے دوران سرکاری اور فوجی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچایا گیا تھا۔
استغاثہ کے مطابق سزا پانے والے افراد پر 9 مئی کے واقعات کے تناظر میں ریاستی اداروں کے خلاف ڈیجیٹل دہشت گردی کے الزامات تھے۔
یہ محفوظ فیصلے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے ملزمان کے خلاف عدم موجودگی میں مقدمات کی سماعت مکمل ہونے کے بعد سنائے۔
عدالتی احکامات کے مطابق عادل راجا، وجاہت سعید خان، شاہین صہبائی اور حیدر رضا مہدی کے خلاف ریاست کی مدعیت میں اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں مقدمات درج کیے گئے تھے، جبکہ صابر شاکر، اکبر حسین اور معید پیرزادہ کے خلاف وفاقی دارالحکومت کے تھانہ آبپارہ میں مقدمات قائم کیے گئے تھے۔
عدالت نے ملزمان کو پاکستان کے خلاف جنگ چھیڑنے یا چھیڑنے کی کوشش اور مجرمانہ سازش کے دو الزامات میں سخت عمر قید کی سزا سنائی۔
اس کے علاوہ ہر الزام پر پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے جبکہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں سزا میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی جائے گی۔
عدالتی احکامات میں مزید کہا گیا کہ ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 382-بی کے تحت ملزمان کو حراست میں گزارے گئے عرصے کا فائدہ دیا جائے گا، اور ان کے خلاف سنائی گئی تمام سزائیں بیک وقت نافذ ہوں گی۔
ہر حکم نامے میں یہ بھی درج ہے کہ مجرم کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ اسے سات دن کے اندر معزز اسلام آباد ہائی کورٹ، اسلام آباد میں اپیل دائر کرنے کا حق حاصل ہے۔
عدالت نے متعلقہ تھانوں کے اسٹیشن ہاؤس افسران کو یہ اختیار اور ہدایت بھی دی کہ ملزمان کی دستیابی پر انہیں گرفتار کیا جائے اور سزا پر عمل درآمد کے لیے جیل منتقل کیا جائے۔












لائیو ٹی وی