اٹلی: 111غیرقانونی پناہ گزینوں کی لاشیں برآمد

شائع October 4, 2013

اٹلی کے ساحل پر ڈوبنے والے ایک غیرقانونی تارکینِ وطن کو بچایا جارہا ہے۔ اے ایف پی تصویر
اٹلی کے ساحل پر ڈوبنے والے ایک غیرقانونی تارکینِ وطن کو بچایا جارہا ہے۔ اے ایف پی تصویر

لمپےڈوسا، اٹلی : جمعے کے روزسمندری راستے اٹلی میں پناہ کیلئے آنے والوں کی کشتی الٹنے سے اب تک 111 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ حکومت نے یورپ سے کہا ہے کہ وہ غیرقانونی تارکینِ وطن کیخلاف مؤثر اقدامات کرے۔

لمپے ڈوسا کے جزیرے کے پاس اب بھی ڈوب جانے والوں کی تلاش جاری ہے۔ جبکہ جمعے کو پاپ فرانسس نے کہا ہے کہ یہ ' آنسوؤں کا دن' ہے جہاں بے رحم دنیا تارکینِ وطن کی تکالیف کو نظرانداز کررہی ہے۔

اٹلی کے جنوب میں امدادی کاموں میں مشغول اہلکاروں کے مطابق اب تک 111 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں اور 155 افراد کو بچایا گیا جبکہ کشتی میں 450 سے 500 افراد سوار تھے۔

' غوطہ خوروں نے  کشتی کے عرشے پر بہت سی لاشیں دیکھی ہیں۔ اور کشتی کے دیگر گوشوں میں مزید لاشیں ہوسکتی جہاں غریب ترین افراد کو رکھا جاتا ہے،' وزیرِ داخلہ اینجلینو ایلفانو نے پارلیمنٹ کو بتایا۔

' خراب موسم کی وجہ سے تلاش کی صورتحال میں مشکل پیش آرہی ہے،' ایلفانو نے کہا۔

امدادی کارکنوں کے مطابق تیز لہروں نے لاشوں کو دور دور تک پھیلا دیا ہے۔

ان غیرقانونی تارکینِ وطن کا تعلق اریٹیریا اور صومالیہ سے ہے اور یہ سب لیبیا میں مصراتہ کے ساحل سے کشتی میں سوار ہوئے تھے۔ کشتی کا حادثہ ہوتے ہی انہوں نے اٹلی کے ساحلوں پر موجود لوگوں کی توجہ کیلئے کمبل وغیرہ جلائے تھے لیکن کسی کی توجہ نہیں ہوئی۔ اور اسی دوران کشتی میں پانی بھرنا شروع ہوگیا۔

لیکن ہوا یوں کہ آگ نے بیس میٹر طویل کشتی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جو بھسم ہوکر آخر کار جمعرات کی صبح کو غرقاب ہوگئی جبکہ وہ لپمے ڈوسا کے ساحلوں سے صرف چند سومیٹر کی دوری پر تھی اور خوف کے مارے لوگوں نے پانی میں چھلانگیں لگانا شروع کردیں۔

کشتی کے ملاح کا تعلق تیونس سے ہے جس پر اب قتل کا مقدمہ چلے گا۔

اٹلی میں قومی پرچم سرنگوں رکھا گیا اور اسکولوں میں ایک منٹ کی خاموشی رکھی گئی۔ جبکہ صدر جورجیو نیپولیٹانو نے غیرقانونی تارکین وطن کے لئے مزید قانون سازی پر زور دیا ۔

انہوں نے یورپ سے نگرانی اور پیٹرولنگ کے مناسب نظام میں مدد کی درخواست کی۔ اور کہا کہ یہ صرف اٹلی کا مسئلہ نہیں۔

اس جزیرے کی آبادی چھ ہزار ہے اور مردہ خانوں میں جگہ کم پڑنے کے بعد لاشوں کو ایک ایئرپورٹ کے ہینگر میں رکھا گیا ہے۔

بچ جانے والوں میں چالیس بچے اور تین خواتین بھی شامل ہیں۔ ان میں سے بیماروں کا علاج کیا جارہا ہے۔ ان میں سے ایک خاتون کا حمل ضائع ہوگیا ہے۔

ایلفانو کے مطابق اس سال اٹلی میں سمندری راستے سے آنے والے غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد تیس ہزار ہے جو دوہزارگیارہ کے مقابلے میں چار گنا ذیادہ ہے۔

کارٹون

کارٹون : 29 جون 2025
کارٹون : 28 جون 2025