پیرو میں بس حادثہ، 19 افراد ہلاک
لیما: پیرو کے جنوب مشرق میں واقع ہناکیوی لیکا کے علاقے میں گزشتہ روز ایک بس الٹنے کے باعث کم ازکم 19 افراد ہلاک اور 15 دیگر زخمی ہو گئے۔
لیفٹیننٹ البرٹو ڈیگوزو نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ بس تقریباً 80 میٹر (یارڈ) نیچے جاگری جو لیما سے آکوبامبا کے علاقے میں جارہی تھی، بس انتازانہ کمپنی سے منسلک تھی جو اینڈس کے علاقے میں سفر کرتی ہے۔
ڈیگوزو نے کہا کہ 15 افراد کو بچا لیا گیا ہے جن میں سے کچھ کی حالت تشویشناک ہے اور انہیں ہناکیو شہر کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ لیما سے جنوب مشرق میں 440 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ضلع آکورویا میں یہ ہسپتال واقع ہے۔
آر پی پی ریڈیو کے مطابق ایک زخمی شخص نے علاقائی پولیس کو بتایا کہ بس کا ڈرائیور اس خستہ حال اور ڈھلوان روڈ پر انتہائی تیز رفتاری سے ڈرائیو کررہا تھا۔
پیرو میں حادثات معمول کی بات ہیں جہاں پر سڑکوں کی خستہ صورتحال ہے جبکہ انڈس کے علاقے میں اکثر و بیشتر خراب موسم اور دھند کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں۔
اس کے علاوہ ناتجربہ کار ڈرائیور اور بسوں میں خرابی بھی اس کی اہم وجوہات ہیں۔
حکومت کے نیشنل انسٹیٹوٹ آف شماریات اینڈ انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق پیرو میں 2013ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹریفک کے حادثے میں 781 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے ۔