بنگہ دیش میں گزشتہ سال نومبر میں ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ڈھاکا: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا کے باہر واقع ایک گارمنٹ فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہو گئے۔

فائر آفیشل ظفر احمد نے بتایا کہ ڈھاکا سے باہر گازی پور میں واقع کثیر المنزلہ اسود گارمنٹ فیکٹری کی عمارت سے دس لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ عمارت سے جلدی نکلنے کی کوشش میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

مقامی صحافی اقبال محمد نے جائے وقوعہ سے بتایا کہ آگ فیکٹری بند ہونے کے بعد لگی لیکن کچھ مزدور اندر اوور ٹائم پر کام کر رہے تھے۔

ٹی وی فوٹیج میں عمارت کے بالائی تین منزلوں پر آگ لگی ہوئی دکھائی گئی ہے جہاں درجنوں فائر فائٹرز آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

عمارت میں آگ لگنے کی وجوہات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکیں۔

رواں سال اپریل میں آٹھ منزلہ گارمنت فیجٹری کے منہدم ہونے اور اس میں 1100 سے زائد افراد کی ہلاکت کے بعد دنیا بھر میں بنگلہ دیش کی گارمنٹ فیکٹری میں فراہم کی جانے والے غیر محفوظ اور ناموافق حالات کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

اس سے قبل بھی فیکٹریز میں آگ لگنے کے متعدد واقعات رونما ہو چکے ہیں جس میں گزشتہ سال نومبر میں پیش آنے والے ایک واقعے میں 112 مزدور ہلاک ہو گئے تھے۔

بنگلہ دیش کو گارمنٹ برآمدات کی مد میں سالانہ 20 ارب ڈالر کی آمدنی ہوتی ہے جہاں ملک کے 40 لاکھ سے زائد افراد کا روزگار اس سیکٹر سے جڑا ہے جس میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔

بنگلہ دیشی حکام اور عالمی گارمنٹ کمپنیاں متعلقہ حکام سے حفاظتی معیار بہتر بنانے پر زور دیتی رہی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں