کشمیر: ہندوستانی فوج کی فائرنگ، بچہ ہلاک
مظفر آباد: پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستانی فوج کی جانب سے کشمیر کی سرحد پر مارٹر گولوں کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچہ ہلاک جبکہ تین دیگر افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
واقعے کشمیر کے متنازعہ علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب نکیال سیکٹر میں پیش آیا جہاں سرحد کے دونوں جانب بھاری تعداد میں فوجی نفری موجود ہے۔
مقامی انتظامیہ کے سینئر افسر مسعد الرحمان نے اے ایف پی کو بتایا 'ہندوستان فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک گیارہ سالہ بچہ ہلاک جبکہ خاتون سمیت تین دیگر افراد زخمی ہوگئے۔'
ایک مقامی سینئر پولیس اہلکار محمد امین نے بھی ہلاکتوں اور واقعے کی تصدیق کردی ہے۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان نیویارک میں ہونے والی ملاقات کے تقریباً دو ہفتوں بعد سامنے آیا ہے جس کے دوران امن کی بحالی کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔
ہندوستان اور پاکستان کے مابین جھڑپوں کے باعث تین سال کے عرصے کے بعد شروع ہونے والے مذاکرات ایک مرتبہ پھر معطل ہوگئے تھے جو اس سے قبل 2008ء کے ممبئی حملوں کی وجہ سے معطل ہوگئے تھے جسکے دوران 166 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
سرحد پر تازہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ہندوستان کے پانچ فوج ایک حملے کے دوران مارے گئے جس کا الزام دہلی پاکستانی فوج پر عائد کرتا ہے تاہم اسلام آباد اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔
کشمیر ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے جو کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تقسیم ہے تاہم دونوں اطراف اس کے دعویدار ہیں۔