افغان صوبے لوگر کے گورنر بم دھماکے میں ہلاک
کابل: عید کے روز ایک بم دھماکے میں افغان صوبے لوگر کے گورنر آرسلہ جمال ہلاک ہو گئے۔
صوبہ لوگر کے صوبائی ترجمان دین محمد درویش نے اے ایف پی کو بتایا کہ منگل کے روز جمال نماز عید کے اجتماع کے بعد مسجد میں خطاب کر رہے تھے کہ مائیکرو فون میں نصب بم پھٹ گیا۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں آٹھ افراد زخمی بھی ہوئے۔اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
47 سالہ جمال صدر حامد کرزئی کے قریبی ساتھیوں میں شمار ہوتے ہیں جبکہ 2009ء میں صدارتی مہم میں بھی پیش پیش رہے تھے۔ اس سے قبل وہ صوبہ کھوست کے بھی گورنر رہ چکے تھے۔
ان پر اس سے قبل بھی خود کش حملوں سمیت متعدد حملے کیے جاچکے ہیں تاہم وہ ان میں محفوظ رہے۔
جمال حال ہی میں سینئر پاکستانی کمانڈر کو امریکی فورسز کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے انکشاف کے بعد توجہ کا مرکز بن گئے تھے۔
امریکی افسران نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے کمانڈر لطیف محسود کی گرفتار کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک فوج آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا۔
تبصرے (1) بند ہیں