'ہندوستانی فوج کی فائرنگ، ایک پاکستانی اہلکار ہلاک'
اسلام آباد:پاکستان نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج نے مشرقی پنجاب کے سرحدی علاقے میں 'بلا اشتعال' فائرنگ کر کے ایک سیکورٹی اہلکار کو ہلاک کر دیا۔
پاکستان فوج کے ایک عہدے دار نے جمعرات کو بتایا کہ انڈین بارڈر سیکورٹی فورسز کی سیالکوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ میں پیرا ملٹری رینجرز کا ایک جوان ہلاک ہوا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ دونوں پڑوسی ملکوں کے وزرائے اعظم کی جانب سے نیویارک میں ملاقات کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر کشیدگی ختم کرنے کے عہد کے کچھ ہفتوں بعد ہی پیش آیا۔
اس سال، جنوری میں ایل او سی پر جان لیوا جھڑپوں کی وجہ سے تین سال کے وقفے کے بعد بحال ہونے والے پاک - انڈیا امن مذاکرات میں دوبارہ تعطل آ گیا تھا۔
خیال رہے کہ 2008ء میں ممبئی میں دہشت گردوں کے حملے میں 166 افراد کی ہلاکت کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں کشیدگی پیدا ہونے سے امن مذاکرات کا عمل روک گیا تھا۔
ایل او سی پر تازہ کشیدگی کا آغاز رواں سال اگست میں ہندستان کے پانچ فوجیوں کی ہلاکت کے بعد ہوا۔
دہلی نے اس حملے کا الزام پاکستان پرعائد کیا جبکہ پاکستان نے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے متعدد بار تحمل اور بات چیت پر زور دیا۔
یاد رہے کہ سیالکوٹ سکیٹر میں پاکستان کی سرحدی چوکیاں اگست میں کئی بار ہندوستانی فائرنگ کی ذد میں آئیں لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔