سیالکوٹ: ہندوستانی فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کا دعویٰ
اسلام آباد: پاکستان نے ہندوستانی فوج پر ہفتے کے روز سرحد پر 'بلا اشتعال فائرنگ' کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے میں ایک شہری ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔
ایک پاکستانی فوجی افسر کا کہنا ہے کہ صوبہ پنجاب میں سیالکوٹ کے قریب پیش آنے والے واقعے میں ایک شہری ہلاک جبکہ دو زخمی ہوگئے جس کی وجہ ہندوستان کی بارڈر سیکورٹی فورس کی جانب سے سرحد پر مارٹر گولوں کی بمباری تھی۔
جمعرات کو بھی پاکستان نے ہندوستان پر اس علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ کا الزام عائد کیا تھا جس کی وجہ سے ایک پاکستانی سیکورٹی فورس کا اہلکار ہلاک ہوگیا تھا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان نیویارک میں ہونے والی ملاقات کے چند ہفتوں بعد سامنے آیا ہے جس کے دوران امن کی بحالی کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔
ہندوستان اور پاکستان کے مابین جھڑپوں کے باعث تین سال کے عرصے کے بعد شروع ہونے والے مذاکرات ایک مرتبہ پھر معطل ہوگئے تھے جو اس سے قبل 2008ء کے ممبئی حملوں کی وجہ سے معطل ہوگئے تھے جسکے دوران 166 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
سرحد پر تازہ جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب ہندوستان کے پانچ فوج ایک حملے کے دوران مارے گئے جس کا الزام دہلی پاکستانی فوج پر عائد کرتا ہے تاہم اسلام آباد اس الزام کو مسترد کرتا ہے۔
کشمیر ایک مسلم اکثریتی علاقہ ہے جو کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تقسیم ہے تاہم دونوں اطراف اس کے دعویدار ہیں۔