شام میں خود کش حملہ، 31 ہلاک

شائع October 20, 2013

شام کے سرکاری ٹی وی کی فوٹیج کا ایک عکس جس میں حامہ میں ٹرک بم دھماکے کے بعد کا منظر نمایاں ہے۔ فائل تصویر اے پی
شام کے سرکاری ٹی وی کی فوٹیج کا ایک عکس جس میں حامہ میں ٹرک بم دھماکے کے بعد کا منظر نمایاں ہے۔ فائل تصویر اے پی

بیروت: شام کے وسطی شہر، حامہ میں اتوار کے روز ایک چیک پوسٹ پر بارود بھرے ٹرک کے خود کش حملے میں اب تک کی اطلاعات کےمطابق اکتیس افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

برطانیہ میں موجود شام کے معاملات پر نظر رکھنے والی ایک غیرسرکاری مشاہداتی تنظیم نے بتایا ہے کہ اس دھماکے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے ۔

سرکاری نیوز ایجنسی ایس اے این اے کے مطابق دھماکے میں 30 ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ خبر رساں ایجنسی نے نامعلوم آفیشل کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حاما شہر میں مشرقی راستے میں سلامیا روڈ پر ایک بارود بھرے ٹرک کو دہشتگرد نے دھماکے سے اڑا دیا جس میں تیس افراد ہلاک ہوئے اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔

دھماکہ ایک بہت مصروف اور پرہجوم علاقے میں ہوا جس سے اطراف کی بیس عمارتوں کے ساتھ ساتھ کئی دکانوں اور مکانات کو بھی نقصان بھی پہنچا ہے۔

سرکاری وفادار الاخباریہ  ٹی وی نے دھماکے کے مقام کی تصاویر اور ویڈیو دکھائی ہیں جن میں مسخ شدہ افراد اور بڑےپیمانے پر تباہی نمایاں ہے اور گاڑیاں شعلوں میں گھری ہیں۔

مارچ دوہزارگیارہ میں شامی صدربشارلاسد کی کیخلاف بڑے پیمانے پر مظاہروں کا آغاز اسی شہر سے ہوا تھا ۔ تاہم بعد میں یہ خانہ جنگی اور مسلح لڑائیوں تک پھیل گیا اور اب تک تقریباً ایک لاکھ سے زائد افراد مارے جاچکے ہیں۔

حامہ شہر پر اب تک سرکاری افواج کا مکمل کنٹرول ہے اور یہاں انہوں نے کئی افراد کو اس وقت قتل کیا تھا جب دو سال قبل سرکار مخالف احتجاج شروع ہوا تھا۔

اگرچہ دمشق سمیت شام کے کئی بڑے شہر لڑائیوں کا مرکز بنے رہے ہیں لیکن یہ شہر اب تک پرسکون تھا۔

شام کی لڑائی کے بعد لاکھوں افراد نے پڑوسی ممالک میں پناہ لے رکھی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 27 جون 2025
کارٹون : 26 جون 2025