ہندوستان: سیلاب زدہ کسان کیلئے ایک ڈالر کا چیک
ممبئی: سیلاب کی وجہ سے رواں سال بے گھر ہوجانے والے ایک ہندوستانی کسان کا کہنا ہے کہ اسے حکومت کی جانب سے 80 روپے (1.31 ڈالر) کا چیک ملا ہے۔
سونبا گنپٹ باونے نے این ڈی ٹی ٹی کو بتایا کہ سیلاب کے بعد وہ اپنے گھر کی مرمت میں تقریباً 14 ہزار روہے (230 ڈالر) خرچ کرچکے ہیں۔
پچپن سالہ گنپٹ کا کہنا ہے کہ انہیں مقامی حکومت نے جانب سے جتنا معاوضہ دیا گیا ہے اس سے زیادہ وہ گھر پر آنے والے افسران کے ناشتے پر خرچ کرچکے ہیں۔
گنپٹ کے بیٹے روپ راؤ کا کہنا ہے 'یہ ہمارے ساتھ بھیانک مزاک ہے۔ اگر حکومت کے پاس پیسوں کی اتنی قلت ہے تو ہمیں ان کے لیے فنڈز جمع کرنا چاہیئیں۔'
تاہم ایک ڈسٹرکٹ افسر رمیش وندیلے نے کہا ہے کہ سروے کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ صرف ایک فیصد علاقہ ہی متاثر ہوا جس کے بعد اوسط 83 روپے فی کس بنا۔
رپورٹ کے مطابق سیلاب زدگان کے لیے 20 ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا گیا تھا تاہم کسان کم یا امداد نہ ملنے کی شکایت کرتے ہیں۔
خیال رہے کہ سیلاب کے باعث ویدھابھا گاؤں میں سیلاب کے باعث 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔