• KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 9.9°C
  • KHI: Clear 18.7°C
  • LHR: Partly Cloudy 13.2°C
  • ISB: Partly Cloudy 9.9°C

انڈر 19 چیمپیئن کا تاج بھارت کے سر

شائع August 26, 2012

انڈر 19 ورلڈ کپ چیمپین بھارتی ٹیم کے کھلاڑیوں کا فاتحانہ انداز۔ فوٹو آئی سی سی

ٹائونز ولی: بھارت نے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں میزبان آسٹریلیا کو 6 وکٹ سے شکست دے کر تیسری بار ورلڈ چیمپین بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

انڈر19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو آسٹریلیا کے لیے تباہ کن ثابت ہوا۔

سندیپ شرما نے اپنے ابتدائی دو اوورز میں کینگرو اوپنرز کو رخصت کرکے آسٹریلین بیٹنگ لائن میں دراڑ ڈالی۔ اس وقت مجموعی اسکور آٹھ رنز تھا۔

اسکور اڑھتیس تک پہنچا تو بکانن اور پیٹرسن یکے بعد دیگرے پویلین چلتے بنے، دونوں کھلاڑی بالترتیب 12 اور 16 رنز بنا کر روی کانت اور اپراجیت کا شکار بنے۔

اس کے بعد آسٹریلین کپتان ولیم بوسسٹو نے ٹریوس ہیڈ کے ساتھ نل کر اسکور میں قیمتی 65 رنز کا اضافہ کیا، ایک سو تین کے اسکور ہیڈ 37 رنز بنا کر رن آئوٹ ہو گئے۔

کینگرو کپتان نے شاندار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور نئے آنے والے بیٹسمین ایشٹن ٹرنرر کے ہمراہ اسکور میں 93 رنز کا اضافہ کر کے اسکور کو قابل قدر مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ایک سو چھیاننوے کے مجموعے پر ٹرنر 43 رنز بنا کر سندیپ شرما کی تیسری وکٹ بن گئے۔ اسکور میں صرف سے آٹح رنز کے اضافے سے سندیپ نے ایلکس گریگورے کو بھی پویلین چلتا کیا۔

صرف دو رنز بعد جوئل پیرس بھی رن آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد گریندر ساندھو کے ساتھ مل کر اسکور کو 225 رنز تک پہنچایا۔

آسٹریلین قائد نے چھ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست ستاسی رنز بنائے۔ بھارتی بولر سندیپ شرما نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

بھارت نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو 2 کے مجموعے پر اوپر پراشانت چوپڑا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اسکے بعد بھارتی کپتان انمکت چاند نے حریف قائد کی پیروی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی نائو پار لگانے کا بیڑا اٹھایا۔

چاند نے بابا اپاراجیت کے ساتھ مل کر اسکور کو 75 تک پہنچایا' اسی مجموعے پر اپراجیت تینتیس رنز بناکر ساندھو کا شکار بن گئے۔

اسکور میں صرف سات رنز کے اضافے سے چار رنز بنانے والے وہاری ٹرنر کی گیند پر انہی کو کیچ دے کر چلتے بنے۔

مجموعہ 97 تک پہنچا تو انڈیا کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑاجب وجے زول ایک رنز بنا کر پیرس کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔

اس موقع بھارت ٹیم مشکلات کا شکار تھی تاہم انڈین قائد نے نئے آنے والے بیٹسمین سمت پٹیل کے ساتھ مل کر ناقابل شکست فتح گر شراکت قائم کی۔

دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 130 رنز جوڑ کر اپنی ٹیم کو تیسری دفعہ ٹائٹل کا حقدار بنوا دیا۔

بھارتی قائد نے سات چوکوں اور چھ فلک بوس چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 111 رنز بنائے، ساتھی کھلاڑی پٹین نے بھی باسٹھ رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔

انڈین کپتان چاند کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جبکہ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ آسٹریلوی قائد ولیم بوسسٹو کے حصے میں آیا۔

ٹورنمنٹ جیتنے کے بعد فاتح کھلاڑیوں کے گھروں میں جشن کا سماں ہے اور بھارتی کرکٹ کے ناقدین ٹیم کی کارکردگی سے بہت خوش ہیں۔

اس فتح کیساتھ جونیئر اور سینیئر دونوں ورلڈ کپ انڈیا کے پاس ہیں۔ بھارت نے مجموعی طور پر تیسری بار جونیئر ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

دو بار ٹورنامنٹ جیتنے والی پاکستانی ٹیم نے مایوس کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کی۔

کارٹون

کارٹون : 25 دسمبر 2025
کارٹون : 24 دسمبر 2025