فائل فوٹو

کراچی: ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا جوہری پروگرام امریکا اور برطانیہ سے زیادہ محفوظ ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام "فیصلہ عوام کا" میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالقدیرخان کا کہنا تھا کہ جمہوری حکومت سے ایٹمی پروگرام کو کوئی خطرہ نہیں اور کوئی آمر ہی اسے نقصان پہنچا سکتاہے۔

مایہ ناز سائنسدان نے کہا کہ محترمہ بینظیربھٹو نے کسی ملک کوایٹمی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی ہدایت نہیں کی اور ہم نے صرف جوہری سامان کی خریداری کے لیے محترمہ کو قابل بھروسہ غیر ملکی سپلائر کے نام پیش کیے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایٹمی دھماکے ملکی  مفاد میں کیے اور بھارت کے جواب میں ایٹمی  دھماکے کرنے کے براہ راست احکامات میاں محمد نوازشریف سے نہیں ملے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ نوازشریف اور اس وقت کے وزیر خزانہ سرتاج عزیز دھماکوں کے حق میں نہیں تھے اور ملکی مفاد میں انہیں ایسا کرنے کیلیے راضی کیا گیا۔

ایک سوال پر ڈاکٹر قدیر کا کہنا تھاکہ اس وقت کے صدر جنرل  پرویز مشرف کے دور میں  تمام جوہری کام فوج کی نگرانی میں ہوتا تھا، پرویز مشرف نے امریکی دباؤ میں آکر جوہری ٹیکنالوجی فروخت کرنے کا اعتراف کرایا اور امریکی خوشنودی حاصل کرنے کیلیے انہیں قربانی کا بکرا بنایا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں