انوپم کھیر پانچ بہترین ایشین اداکاروں میں شامل
ایک بین الاقوامی جریدے نے بالی وڈ اداکار انوپم کھیر کو ایشیا کے پانچ بہترین اداکاروں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔
ستاون سالہ اداکار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ 'ہالی وڈ رپورٹر کے تازہ شمارے میں انہیں ایشیا کے پانچ بہترین اداکاروں میں شامل کیا گیا ہے اور اس فہرست میں واحد ہندوستانی اداکار ہیں، جے ہو!'۔
اپنے پیغام میں انہوں نے بقیہ چاروں اداکاروں کے نام بھی بتائے۔
ان میں چین کے لی بنگ بنگ، جنوبی کوریا کے لی بیونگ ہن، تھائی لینڈ کے ایکو اویس اور ہانگ کانگ کے آرون کوک شامل ہیں۔
انیس سو بیاسی میں فلم 'آگمان' سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے کھیر کو انیس سو چوراسی میں ریلیز ہونے والی فلم 'سارنش' سے شہرت ملی۔
اس فلم میں اٹھائیس سالہ اداکار نے ایک ایسے ریٹائیر شخص کا کردار ادا کیا تھا جو اپنا بیٹا کھو چکا ہے۔
فلم 'سارنش' کھیر کی جاندار اداکاری کی وجہ سے آج بھی لوگوں کی یادوں کا حصہ ہے۔
اس کے بعد انہوں نے 'ڈیڈی'، 'جنم'، ' میں نے گاندھی کو نہیں مارا' جیسی کامیاب آف بیٹ فلمیں بھی دیں۔
انوپم کھیر کی مقبول کمرشل فلموں میں 'کرما'، 'ڈر'، 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے'، 'کچھ کچھ ہوتا ہے' اور 'ویر زارا' شامل ہیں۔
انہوں نے بالی وڈ کے ساتھ ساتھ ہالی وڈ میں بھی رابرٹ ڈی نیرو، جینیفر لارنس، بریڈلے کوپر کے ساتھ 'سلور لائنگز پلے بک' میں اداکاری سے نام کمایا ہے۔












لائیو ٹی وی